ڈاؤ ڈینٹل کالج، ڈاؤ انٹرنیشنل ڈینٹل کالج اور ڈاکٹر عشرت العباد انسٹی ٹیوٹ میں بی ڈی ایس سال 2023 کے نئے سیشن کی کلاسز کا آغاز ہو گیا

منگل 7 فروری 2023 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2023ء) ڈاؤ ڈینٹل کالج، ڈاؤ انٹرنیشنل ڈینٹل کالج اور ڈاکٹر عشرت العباد انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز میں بی ڈی ایس سال 2023 کے نئے سیشن کی کلاسز کا آغاز منگل 7 فروری سے ہو گیا۔ ڈائو یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میںواقع ڈائو انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں منعقدہ اورینٹیشن ڈے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ریسرچ آج کی ضرورت ہے، ریسرچ کے میدان میں ہم اپنے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرتے ہیں، کیونکہ ریسرچ ہی وہ ہتھیار ہے جس سے بیماریوں کے خلاف لڑنے میں مدد ملتی ہے اور علم کے نئے راستے کھلتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر سارہ قاضی، رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق، ڈین فیکلٹی آف ڈینٹسٹری پروفیسر شاہجہاں کٹپر، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر زیبا حق، ڈاؤ ڈینٹل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ارشد، ڈاؤ انٹرنیشنل ڈینٹل کالج کی پرنسپل پروفیسر امینہ طارق، ڈاکٹر عشرت العباد انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے پرنسپل پروفیسر انوار علی سمیت سینئر فیکٹی ممبز اور طلبہ موجود تھے۔

پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ آج سے پون صدی قبل 1945میں ڈاؤ میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی گئی تو اس کا مقصد ایم بی بی ایس (یاڈاکٹری)کی تعلیم تھا، مگر وقت گزرنے کے ساتھ، سماجی ضروریات کی پیشِ نظر سائنسی تعلیم کے تمام ہی شعبوں کی جانب توجہ دی گئی اور آج ہم فنونِ لطیفہ (فائن آرٹس)کے شعبہ جات قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ بی ڈی ایس کے چار سالہ ڈگری پروگرام میں ہم اپنے طلبہ کی بہترین تربیت کرتے ہیں، تاکہ وہ پیشہ وارانہ صلاحیتیوں میں ماہر ہوجائیں۔

انہو ں نے کہا کہ ہمارے پاس پاکستان کی بہترین فیکلٹی موجود ہے، جس میں پی ایچ ڈی اساتذہ بھی موجود ہیں۔انہوں نے نئے طلبہ کو ڈاؤ یونیورسٹی کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ سب آپ کی محنت، شوق،لگن اور والدین کی دلچسپی کے باعث ممکن ہوا۔ اس موقع پر طلبہ سے انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کاحلف بھی لیاگیا۔ تینوں کالجز کے پرنسپل نے طلبہ کو کورس کے نصاب کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔انہو ں نے کہا کہ ہم اپنے طلبہ کو غیر نصابی سرگرمیو ں میں شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ڈاؤ یونیورسٹی میں سالانہ اسپورٹس ویک کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں آپ تمام طلبہ شرکت کرسکیں گے۔