گھریلو ناچاقی پر فائرنگ ،2بھائی جاں بحق، ایک شخص زخمی

پیر 12 مئی 2025 15:36

گھریلو ناچاقی پر  فائرنگ ،2بھائی جاں بحق، ایک شخص  زخمی
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) سرگودھا بھلوال روڈ پر اجنالہ کےعلاقہ میں گھریلو ناچاقی پراندھا دُھند فائرنگ کے نتیجہ میں2بھائی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ۔ ایس ایچ او تھانہ صدر شعیب سکندر کے مطابق واقعہ دو رشتہ داروں کے مابین خاندانی رنجش اور گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے اجنالہ میں گھریلو ناچاقی پر2ملزمان محمد شہباز اور شہریار نے صبح 7 بجے احسان کے گھر داخل ہوکر اندھا دُھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجہ میں احسان ولد محمد شبیر اور اُس کا بھائی فیصل ولد محمد شبیر موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ اُن کا رشتہ دار جبار ولد ظفر شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تھانہ صدر پولیس کو واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور تعشوں اور زخمی ہونے والے شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرٹیچنگ ہسپتال سرگودھا منتقل کردیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں مزید کارروائی جاری ہے۔