اسحق ڈارسے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک اے آئی آئی بی کے چیف اکانومسٹ ایرک برگلوف کی ملاقات

وفاقی وزیر نے پائیدار اقتصادی ترقی اور معاشرے کے غریب طبقے کی سماجی ترقی کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے مزید آگاہ کیا

منگل 7 فروری 2023 22:59

اسحق ڈارسے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک اے آئی آئی بی کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2023ء) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک اے آئی آئی بی کے چیف اکانومسٹ ایرک برگلوف نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا اور فنانسڈویڑن کے سینئر افسران موجودتھے۔

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے مسٹر ایرک برگلوف کا خیرمقدم کیا اور ملک کی موجودہ اقتصادی صورت حال سے آگاہ کیا اور پائیدار اقتصادی ترقی اور معاشرے کے غریب طبقے کی سماجی ترقی کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے مزید آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت معاملات کو درست سمت میں لانے اور معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے معاشی نقصانات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔مسٹر ایرک برگلوف، چیف اکانومسٹ، اے آئی آ ئی بی نے عوام کی سماجی ترقی کیلئے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں اے آئی آ ئی بی کے کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں مستقبل کے تعاون بالخصوص ماحول دوست اقدامات اور موسمیاتی لچک پر تبادلہ خیال کیا۔آخر میں، وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے تعاون پر اے آئی آئی بی کے چیف اکنامسٹ ایرک برگلوف کا شکریہ ادا کیا۔