مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا یہ میری سیاسی ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں،شیخ رشید

رات مجھے اہم شخصیت سے ملنے کا کہہ رہے تھے جس پر میں نے انکار کر دیا،سربراہ عوامی مسلم لیگ کا عدالت میں بیان

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 8 فروری 2023 14:47

مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا یہ میری سیاسی ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں،شیخ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔08 فروری 2023ء ) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں 16 بار وزیر رہا ہوں،یہ میری سیاسی ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں،اپنی جان دے دوں گا لیکن ہمدردیاں نہیں بدلوں گا۔مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا،پولیس والے میرے بھائی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو ایف ایٹ کچہری پہنچایا گیا،شیخ رشید روسٹرم پر آئے اور بیان دیا کہ یہ لوگ میری صرف وفاداریاں تبدیل کرنا چاہتے ہیں،میں مر جاؤں گا،ان کی بات تسلیم نہیں کروں گا۔

کاغذت نامزدگی کی اسکروٹنی میں مجھے بلایا جائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا،دونوں فونز کے پاسورڈ پولیس کو دے دیئے،ادارو ں سے کبھی لڑائی نہیں کی،اس عمر پر ہمدردیاں نہیں بدلوں گا،رات مجھے اہم شخصیت سے ملنے کا کہہ رہے تھے جس پر میں نے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے شیخ رشید کیخلاف پولیس سے مزاحمت اور اہلکار کی وردی پھاڑنے کے کیس میں مری پولیس سے 2 ہفتوں میں ریکارڈ طلب کر لیا،عدالت نےآئی جی پنجاب،آئی جی اسلام آباد اور آر پی او راولپنڈی کو نوٹس جاری کر دئیے۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کیخلاف تھانے مری میں درج مقدمے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ سابق وزیر داخلہ کی طرف سے ایڈووکیٹ سردار رزاق خان عدالت میں پیش ہوئے۔ سرکاری وکیل نے شیخ رشید کیخلاف درج مقدمے کو خارج کرنے کی مخالفت کی،عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے اب تک شیخ رشید کو گرفتار کیوں نہیں کیا؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم پہلے ہی ایک مقدمہ میں گرفتار ہے،سابق وزیر داخلہ پر پولیس سے مزاحمت اور اہلکار کی وردی پھاڑنے کا مقدمہ ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ شیخ رشید گرفتار ہیں تو عدالت کو مقدمے کا ریکارڈ فراہم کریں۔ عدالت نے آئی جی پنجاب،آئی جی اسلام آباد اور آرپی او راولپنڈی کو نوٹس جاری کر دیے،ایس ایچ او مری اور مقدمے کے تفتیشی افسر کو دو ہفتوں میں ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔