پنجاب الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق سماعت،الیکشن کمیشن اور گورنر کو کل جواب جمع کرانے کی ہدایت

چاہتا ہوں کہ سب کو تفصیل سے سنوں،کسی کا اعتراض نہ رہے کہ فیصلہ یکطرفہ ہوا،جسٹس جواد حسن کے ریمارکس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 9 فروری 2023 12:39

پنجاب  الیکشن کی تاریخ دینے  سے متعلق سماعت،الیکشن کمیشن اور گورنر ..
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 09 فروری 2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق کیس میں کل گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب انتخابات کی تاریخ دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس جواد حسن نے درخوست پر سماعت کی۔ فریق پی ٹی آئی فواد چوہدری نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن 90 دن کے اندر کروانا ضروری ہیں،رانا مشہود نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن بالکل ہوں گے لیکن انکی مرضی اور منشاء سے نہیں،فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن آئین کی منشاء کے مطابق ہونے ہیں۔

جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ آج اور کل بھی بیٹھنے کے لیے تیار ہوں،چاہتا ہوں کہ سب کو تفصیل سے سنوں،کسی کا اعتراض نہ رہے کہ فیصلہ یک طرفہ ہوا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کو تفصیلی جواب جمع کروانے کا حکم دیا،جسٹس جواد حسن نے استفسار کیا کہ تفصیلی جواب کل جمع کروائیں گے یا اس سے اگلے دن؟ فواد چوہدری نے استدعا کی کہ عدالت کل ہی بلا لے، دوران سماعت اسد عمر نے کہا کہ اگلے 3 دن میں تاریخ کا اعلان نہ ہوا تو آئینی بحران پیدا ہو جائے گا،فواد چوہدری نے بتایا کہ اگر 3 دن گزر گئے تو آئینی مسائل پیدا ہوں گے،قانون سے بالاتر کوئی نہیں،اس کا احساس دوسری طرف والوں کو بھی کرنا ہے۔

جسٹس جواد حسن نے فواد چوہدری سے مکالمہ کیا کہ میرے لیے مسئلہ نہیں 2 منٹ لگیں گے فواد چوہدری نے کہا کہ شہزاد شوکت 5 بجے آجائیں گے،اب تو عدالتیں رات کو لگ جاتی ہیں،جسٹس جواد حسن نے فواد چوہدری سے مکالمہ کیا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کل گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی،عدالت نے درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی،پی ٹی آئی کی استدعا پر درخواست پر سماعت کی تاریخ تبدیل کی گئی،اس سے قبل عدالت نے 13 فروری تک سماعت ملتوی کی تھی۔