فرقہ واریت کے خاتمے اور عظمت صحابہؓ و اہل بیتؓ کے تحفظ کے لیئے بننے والے ہر قانون کی حمایت کرتے ہیں،مولانا اورنگزیب فاروقی

منگل 14 فروری 2023 17:14

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2023ء) اہلسنت و الجماعت کے مرکزی صدر مولانااورنگزیب فاروقی نے کہا ہے کہ حضرت امیر معاویہ ؓ نے 19 سالہ دور خلافت میں 64لاکھ 65ہزار مربع میل پر اسلامی پرچم لہرایا۔آپؓ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کے لیئے مشعل راہ ہے۔ فرقہ واریت کے خاتمے اور عظمت صحابہؓ و اہل بیتؓ کے تحفظ کے لیئے بننے والے ہر قانون کی حمایت کرتے ہیں۔

منگل کو یہاں ایبٹ آباد میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر معاویہؓ عظیم صحابیؓ رسولی، کاتب وحی اور نبیؐ کے برادر نسبتی ہیں۔ آپؓ کے دور میں شام،اردن، دمشق، بخارا،سمرقند، کابل،چین اور افریقہ سمیت کئی بڑے علاقے فتح ہوئے ،اسلامی تاریخ کے پہلے بحری بیڑے کے بانی آپؓ ہیں، جب نبیؐ پر وحی کا نزول ہوتا تو لکھنے کی سعادت امیرمعاویہؓ کو ملتی۔

(جاری ہے)

اجتماعات سے مولانا عبدالجبار حیدری سیدعلی معاویہ شاہ لالہ شیر افضل خان اور مولانا عبداللہ عباسی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ کہ قرآن کریم اور احادیث رسولؐ میں جہاں پر باقی صحابہؓ کی شان کو بیان کیاگیا ہیان تمام شانوں اور عظمتوں کے مصداق امیر معاویہؓ کی ذات گرامی بھی ہے۔ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں فوجداری قانون ترمیمی ایکٹ2021 کو جلد از جلد سینیٹ سے پاس کیا جائے اور خلفائے راشدینؓ کے ایام ہائے وفات و شہادت پر عام تعطیل کرکے ان ایام کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔