گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا جیمز اینڈ جیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان، پشاور آفس کا دورہ

منگل 24 جون 2025 22:01

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا جیمز اینڈ جیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جیمز اینڈ جیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان، پشاور آفس کا دورہ کیا اور ادارے کے زیر اہتمام قیمتی پتھروں کی کٹنگ پالشنگ کا تربیتی کورس مکمل کرنیوالے 25 طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔پشاور آفس پہنچنے پر جنرل منیجر نویدمحسود نے گورنر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر TDAP پشاور نعمان بشیر بھی موجود تھے۔ گورنرنے انسٹیٹیوٹ میں لیبارٹری کا دورہ کیا اور وہاں پر زیرتربیت نوجوانوں کو دستیاب سہولیات اوراُن کی کارکردگی کاجائزہ لیا۔ گورنر خیبرپختونخوا کو جی ایم نوید محسود کیجانب سے ادارہ کے اغراض و مقاصد اور مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ گورنر کو بتایاگیاکہ ادارے سے 5000 طلباء کو ٹریننگ کورسز کروائے گئے ہیں، گذشتہ 24 سال سے اس ادارے کے ملازمین بطور پراجیکٹ کام کررہے ہیں، جن کو مستقل ہونا چاہیے، یہ ادارہ کرایے کی عمارت میں قائم ہے، جبکہ قیمتی پتھروں کی کٹنگ پالشنگ سمیت دیگر تکنیکی کورسز کیلئے جدید مشینری بھی درکار ہیں۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہاکہ وفاقی حکومت کو قیمتی پتھروں کی صنعت کو فروغ دینا چاہئے،یہ ادارہ محدود وسائل میں انتہائی کم لاگت پر جوانوں کے تربیتی کورسز کروا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ سے جیمز کی ایکسپورٹ پر پابندی کو ختم کرانے کیلئے کردار ادا کروں گا،اگر اس صوبہ کو مطلوبہ وسائل مل جائیں تو قیمتی معدنی شعبہ کو بہت آگے لیکر جا سکتے ہیں۔گورنرنے کہاکہ صوبہ میں قیمتی پتھر سونے کے ذخائر کے برابر کے ہیں، یہ ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عدم سہولیات پر دکھ ہوا ہے،انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا قیمتی اور نیم قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے، وقت آ گیا ہے کہ ان وسائل کو مقامی ہنر مندوں کے ذریعے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے۔

ماضی میں اس شعبے کو وہ توجہ نہیں دی گئی جو اس کا حق تھا، تاہم اب حکومت ایسے اداروں کی مکمل سرپرستی کرے گی جو نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کریں۔