سیاستدان معیشت کے بجائے اپنے اثاثے مستحکم کرتے ہیں،پی ٹی ایس کے سربراہ حنیف مغل سے کو خدمت کا موقع دیا جائے،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

منگل 14 فروری 2023 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2023ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ عوام آزمائے ہوئے سیاستدانوں سے کوئی امید نہ رکھیں۔ انھوں نے وہی کرنا ہے جو ماضی میں کرتے رہے ہیں۔ جو لوگ آئی ایم ایف سے چوبیس بار اور دیگر ممالک و اداروں سے سینکڑوں بار قرض اور امداد لینے اور کئی بار ملک پر ڈالروں کی بارش کے باوجود معیشت کے بجائے اپنے آپ کو مستحکم کرتے رہے وہ مستقبل میں بھی یہی کریں گے اور عوام کی پریشانی بڑھاتے رہیں گے۔

اس بار عوام کھرے اور با عمل افراد کو خدمت کا موقع دیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ گزشتہ چالیس پچاس سال سے جنھیں مسلسل آزمایا جا رہا ہے انھیں دوبارہ موقع دینا اپنے ملک اورآنے والی نسلوں پر ظلم کرنے کے مترادف ہے کیونکہ یہ سیاستدان اپنی پارٹی کو ملک و قوم سے زیادہ اہم سمجھتے ہیں جبکہ انکا اصل مقصد بیرون ملک جائیدادیں بنانا اور کاروبار کھڑے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انھوں نے وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 52 سے قومی اسمبلی کے امیدوار پاکستان تحریک شاد باد کے چئیرمین ڈاکٹر حنیف مغل سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں نے ملک و قوم کے لئے مشکلات کھڑی کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ڈاکٹر مغل نے کہا کہ پاکستان تحریک شاد باد کا مقصد عوام کو صحت تعلیم روزگار اور انصاف کی فراہمی ہے انہی کی تکمیل سے پاکستان حقیقی فلاحی ریاست بن سکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک شاد باد کا انتخابی نشان چاقو ہے اور ہم اسی چاقو سے کرپشن اقرباء پروری اور روایتی زنجیروں کا کاٹ ڈالیں گے۔ یہ پارٹی آزمائے ہوئے لوگوں کو ٹکٹ دینے کے بجائے نئے اور مخلص لوگوں کو ٹکٹ دے جو وقت کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر مغل جو پاکستان تحریک شادکے چیف ایڈوائیزر بھی ہیں نے کہا کہ ڈاکٹر حنیف مغل ایک انتہائی پڑھے لکھے اور وطن پرست شخص ہیں جنھوں نے اپنے کاغذات کی منظوری کے بعد روات سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا جس دوران عوام نے کھرا اور با عمل ڈاکٹر حنیف مغل کے نعرے لگائے۔