کوئٹہ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اجتماع کا انعقاد

منگل 21 فروری 2023 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2023ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار کوئٹہ میں ایک عظیم الشان اجتماع پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں پشتونخوامیپ کی مرکزی وصوبائی قیادت ،ادیبوں ، انجمن تاجران کے رہنمائوں ، وکلاء برادری ، پروفیسرز ، مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اجتماع سے پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، ڈپٹی چیئرمین عبدالرئوف لالا، سردار اکبر خروٹی ، جمال شاہ کاکڑ، مصور ایڈووکیٹ، رحیم کاکڑ،ڈاکٹر تواب خان نے بھی خطاب کیا ۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت عزیز اللہ ہمزولے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پارٹی کے صوبائی سیکرٹری کبیر افغان نے سرانجام دیئے ۔

(جاری ہے)

اس عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ون یونٹ ختم کرنے کیلئے پشتونوں نے بیش بہا قربانیاں دیں لیکن ون یونٹ ٹوٹنے کے بعد قومی ولسانی بنیادوں پر جب صوبوں کی تشکیل ہورہی تھی تو دیگر اقوام کو ان کے صوبے کا کافی حد تک حق ملیں لیکن پشتونخوا وطن بدقسمتی سے منقسم رہا ، خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی واحد رہنماء تھے جس نے پشتونوں کے ساتھ اس ناانصافی کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ پشتون سیاسی واک اختیار اور ملی تشخص کا خاتمہ ہے ہمیں قابل قبول نہیں ۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتون قوم کی نمائندہ جماعت ہے جس نے ہر طرح کے ناگزیر حالات میں پشتون قوم کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا اور ان کے ساتھ روا رکھی جانیوالی تمام ناانصافیوں کیخلاف آواز بلند کی ، پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اپنی صفیں درست کرتے ہوئے منظم جدوجہد کی تیاریں کریں اور منظم ہوکر ہی ہم اپنا بنیادی حق حاصل کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام پاک میں کہا ہے کہ ہر قوم کی زبان میں الہامی کتابیں نازل کی ہے کہ خدا کے رسول اور ان کے قوم ایک دوسرے کو سمجھ سکے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخوا وطن کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہاں پشتو زبان کے ساتھ اور مختلف زبانیں بھی بولی جاتی ہیں ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ہر کارکن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ لسانی اقلیتوں کا خیال رکھیںاور ان کی زبانوں کا احترام کریں ، آج کل ہزارہ صوبے کی باتیں کی جارہی ہے ہم پشتون وطن کا بٹوارہ نہیں وحدت چاہتے ہیںہمارے وطن میں رہنے والے تمام اقلیتوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہونگے جو ہمارے بچوں کو حاصل ہیں ۔

محمود خان اچکزئی نے ملک میں موجودہ مہنگائی کی صورتحال پر تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انسان سب کچھ برداشت کرسکتاہے لیکن اپنے بچوں کی بھوک برداشت نہیں کرسکتا ، آج بھی بازار دنیا جہاں کی نعمتوں سے بھرے پڑے ہیں لیکن غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ ایک منظم اور سنجیدہ پلان کے تحت آنیوالے مشکل دور کا مقابلہ کرنے کی مکمل تیاری کریں تاکہ آنیوالے وقت کی سخت ترین بحران سے نمٹا جاسکے ۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دنیا کے ممالک اپنے مفادات کیلئے سب کچھ کر جاتے ہیں لیکن دوسری جانب خطرناک ترین حیوانات اور زہریلے عشرات کی نسلوں کو بچانے کی باتیں بھی کرتے ہیں ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ افغانستان میں بزور طاقت حکومت کا تختہ الٹنے کاروش ختم ہونا چاہیے۔ آج افغانستان کے تقریباً تمام سٹیک ہولڈرزبشمول حامد کرزئی افغانستان میں بندوق کے زور پر حکومت کی تبدیلی کے خلاف ہیں ۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کو سٹرایٹیجک ڈیپتھ اور افغانستان کو پانچواں صوبہ گرداننے کی پالیسی سے دستبردار ہونا ہوگا اور طالبان کو بھی اپنے ہمسایوں کے ساتھ عدم مداخلت کی معاہدے کرنے ہوں گے ۔ تب ہی اس خطے میں استحکام قائم ہوسکتا ہے ۔ پارٹی کارکنان سے مخاطب ہوکر ان کا کہنا تھا کہ سختیوں اورمشکلات کے دن گزر گئے ہیں اب خداکی نصرت سے لوگ جوق در جو ق پشتونخواملی عوامی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام مادری زبانوں کے عالمی دن 21فروری کی مناسب سے پشتونخوا وطن ، ملک کے مختلف شہروں میں سیمینارز ، عوامی اجتماعات اور مرکزی تقریب کوئٹہ کے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں زیر صدار ت پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی منعقد ہوئی ۔ملک کے مختلف شہروں اسلام آباد، فیصل آباد، کراچی ، خیبر پشتونخوا کے مختلف اضلاع اور جنوبی پشتونخوا کے مختلف اضلاع پشین ، لورالائی ، چمن ، سبی ، ژوب ، شیرانی ، خانوزئی ، قلعہ سیف اللہ ،قلعہ عبداللہ، زیارت سنجاوی ودیگر اضلاع میں سیمینار ، اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کیں ۔جن کے بیانات کل جاری کیئے جائینگی