پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کااکرم شاہ خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار

اکرم شاہ خان نے پشتونخوا وطن کے قومی نجات اور آزاد افغانستان کے ملی استقلال، آزادی اور سلامتی کی دفاع کے تاریخی جدوجہد میں پارٹی کی بہترین نمائندگی کی،خوشحال خان کاکڑ

جمعہ 24 فروری 2023 21:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2023ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، شریک چیئرمین مختار خان یوسفزئی، سینئر ڈپٹی چیئر مین رضا محمد رضا، مرکزی سیکریٹری جنرل خورشید کاکاجی، مرکزی سینئر سیکریٹری قادر آغا، مرکزی سیکریٹری اطلاعات عیسی روشان، مرکزی سیکریٹری مالیات یوسف خان کاکڑ، جنوبی پشتونخوا کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سیکریٹری خوشحال کاسی، سندھ کے صوبائی صدر صدیق آغا صوبائی سیکریٹری شفیع ترین، خیبر پشتونخوا کے صوبائی صدر کاکاجی صوبائی سیکریٹری اشرف خان ہوتی نے پشتونخوا میپ کے مرکزی رہنما سابق سیکریٹری جنرل اکرم شاہ خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم رہنما کو پشتون افغان قومی سیاسی تحریک میں پرافتخار اور تاریخی کردار ادا کرنے اور انکے قومی اور وطنی خدمات اور قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنما طالبعلمی میں نیشنل عوامی پارٹی سے وابستہ رہے اور قومی رہنماوں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور خان عبدالغفار خان (باچا خان) کے سیاسی اور قومی جدوجہد کی راہ پر چلتے ہوئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ مرحوم رہنما نے نصف صدی تک پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور پھر پشتونخوامیپ کے پلیٹ فارم سے قومی تحریک کو علمی ، سائنسی اور نظریاتی بنیادوں پر متحد اور منظم کرنے میں نہایت اہم اور تاریخی رول ادا کیا۔

وہ نہ صرف نہایت زیرک سیاستدان تھے بلکہ ان کی شخصیت میں گھمبیر اور مشکل صورتحال میں درست فیصلے کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود تھی اور ساتھ ہی انکی خوش قسمتی یہ تھی کہ انکو سائیں کمال خان شیرانی، عبدالرحیم خان مندوخیل اور شیرعلی باچا جیسے اعلی پایے کے عظیم رہنماوں اور سماجی سائنسدانوں کی سرپرستی حاصل تھی۔پشتونخوامیپ کے جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے قومی آزادی، جمہوریت، سماجی انصاف ، امن اور ترقی کی تحریکوں میں انکا تاریخی رول پشتونخوامیپ کی قومی جدوجہد کا ایک درخشاں باب ہے۔

انہوں نے محکوم پشتونخوا وطن کے قومی نجات اور آزاد افغانستان کے ملی استقلال، آزادی اور سلامتی کی دفاع کے تاریخی جدوجہد میں پارٹی کی بہترین نمائندگی کی۔ پارلیمنٹیرین کی حیثیت سے محکوم قوموں کی تحریکوں اور ملک کی جمہوری تحریکوں کے ساتھ پشتونخوا میپ کے دوستانہ روابط استوار کرنے میں انکا کردار کلیدی تھا۔ مرحوم رہنما کی جدوجہد اور قربانیاں انکے خاندان کیلئے ایک عظیم اعزاز ہے۔ پشتونخوا میپ انکے یاد کو عزت اور احترام کے ساتھ ہمیشہ تازہ رکھے گی اور انکی جدوجہد اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔ انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم رہنما کی مغفرت اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔