اسلام آباد ہائیکورٹ نے طلحہ سعید کو ممکنہ بلیک لسٹ کرنے کیخلاف درخواست وزارت خارجہ کو ارسال کردی

جمعہ 10 مارچ 2023 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2023ء) کالعدم لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید کے بیٹے طلحہ سعید کو بھارتی قراداد پر ممکنہ طور پر عالمی سطح پر بلیک لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پراسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے معاملہ وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کالعدم لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید کے بیٹے طلحہ سعید کو بھارتی قراداد پر ممکنہ طور پر عالمی سطح پر بلیک لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پراسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے معاملہ وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے ۔

اس حوالے سے جمعہ کو ہونیوالی سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے ۔طلحہ سعید نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ میرا کسی قسم کا کوئی کریمنل ریکارڈ موجود نہیں ، طلحہ سعید کی درخواست کیساتھ لاہور پولیس کی ویری فکیشن رپورٹ بھی منسلک کی گئی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی میں بھارت نے قراداد جمع کرائی،بھارت حافظ طلحہ سعید کو بین الاقوامی دہشت گردوں کی لسٹ میں ڈلوانا چاہتا ہے،بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ایسی حرکتیں کر رہا ہے، بھارت اور امریکہ کی تجویز کو چین کی جانب سے تکنیکی بنیادوں پر روکا گیا تھا،تکنیکی بنیادوں پر تجویز کو روکنے کی ڈیڈ لائن 18مارچ ہے،استدعا ہے کہ عدالت 18مارچ سے قبل وزارت خارجہ کو سفارتی سطح پر کردار ادا کرنے کا حکم دے،اقوام متحدہ میں بھارتی قراداد مسترد کرانے کیلئے وزارت خارجہ کردار ادا کرے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزارت خارجہ کو اس حوالے سے کردار ادا کرنے کا حکم دے۔عدالت نے معاملہ دوبارہ وزارت خارجہ کو بھیجتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔