لاہوربورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا

جمعہ 17 مارچ 2023 23:40

لاہوربورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2023ء) لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشنز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ترجمان لاہور کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بتایا کہ میٹرک کے امتحانات یکم اپریل سے شروع ہوں گے ،جس کے لیے بورڈ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور امتحانات کی موثر نگرانی کے لئے سرویلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے شہر بھر میں 868 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں اور انتظامات کی نگرانی کے لیے بورڈ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امتحانات میں 233862 امیدوار شرکت کریں گے جن میں سے 126398 طلبا جبکہ 107464 طالبات ہوں گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ رول نمبر سلپس پرائیویٹ امیدوار بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں جبکہ ریگولر امیدوار اپنے سکولوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :