)ظالم حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بد عنوانی کے سوا کچھ نہیں ،مزدور رہنما خیر محمد فورمین

اتوار 19 مارچ 2023 20:40

qکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2023ء) ممتاز مزدور رہنما خیر محمد فورمین نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بد عنوانی کے سوا کچھ نہیں دیاہے ملک میں ہرطرف جنگل کا قانون نظرآرہا ہے ناقص اقتصادی ، معاشی اور خارجہ پالیسیوں نے پاکستان کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر تسلسل کے ساتھ پیٹرول بم گرائے جارہے ہیں آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے اور اب رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی حکومت کوئی خاص ریلیف دینے کیلئے راضی نہیں ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ داروں، جاگیرداروں، صنعتکاروں ، سول و فوجی بیوروکریسی اور مراعات یافتہ طبقے کی آپس کی ضد، انا پرستی اور اقتدار کی رسہ کشی، اداروں کے قواعدوضوابط کی پامالی اوربازاری زبانوں میں ایک دوسرے کی کردارکشی نے پوری دنیا میں ملک کے وقار اورسلامتی کو دائو پر لگا دیا ہے جبکہ حکمرانوں کی بے لگام لوٹ مار سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے اقتدار پر وراثتی سیاستدان قابض ہیں جو باری باری اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں اور غریب عوام ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیںبلکہ اب تو نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ لوگوں کے پاس اپنے پیاروں کے کفن دفن کے پیسے بھی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں حکمران اپنی شاہ خرچیاں، غیرترقیاتی اخراجات اور اپنی کابینہ کو کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے عوام پرمزید مہنگائی کا بوجھ روزانہ کی بنیاد پر بڑھاکر عوام کو بھوک و افلاس کی جانب دھکیل رہے ہیں حکمرانوں کے اس ناروا اقدام سے ملک میں بدترین انارکی پیداہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوشرباء مہنگائی اور افراط زر نے لاکھوں غریب ملازمین کو بھی شدید ذہنی کوفت سے دوچار کردیا ہے جبکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے دبائو پرقومی اداروں کی نجکاری، ڈائون سائزنگ ار رائٹ سائزنگ مزیدلاکھوں خاندانوں کو بے روزگار کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری کی پالیسی ترک کی جائے اور جس تیزی سے مہنگا ئی بڑھ رہی ہے اسی تیزی سے غریب ملازمین کی تنخواہوں و مراعات میں بھی اضافہ ضروری ہے ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہوشرباء مہنگائی پر جلد از جلد قابوپاکر عوام کو جینے کا حق دے اور مہنگائی و افراط زر کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوںاور پینشن میں اضافہ کیا جائے تاکہ ملازم طبقہ بھی اپنے جسم و جان کے رشتے کو برقرار رکھ سکے۔انہوں نے ملک کی تمام مزدور تنظیموں کے رہنمائوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میں مزدورتحریک کو دوبارہ متحرک کرکے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ اور ملک اور اداروں کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی سے آزاد کرانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔