سندھ ہائی کورٹ نے 11 یوسیز میں انتخابات کرانے سے متعلق حافظ نعیم الرحمن کی درخواست نمٹادی

نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن 18 اپریل کو ہوں گے۔ الیکشن کے نتائج 20 اپریل کو جاری کئے جائیں گے،الیکشن کمیشن کا عدالت میں جواب

پیر 20 مارچ 2023 17:46

سندھ ہائی کورٹ نے 11 یوسیز میں انتخابات کرانے سے متعلق حافظ نعیم الرحمن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2023ء) سندھ ہائی کورٹ نے 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد درخواست نمٹادی ۔سندھ ہائیکورٹ میں 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن حکام اور درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق پیش ہوئے۔ عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق پولنگ کرانے کی ہدایت دی جائے۔ الیکشن کمیشن حکام نے 11 یونین کمیٹیوں کا شیڈول عدالت میں جمع کرادیا۔ جواب میں کہا گیا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن 18 اپریل کو ہوں گے۔

(جاری ہے)

الیکشن کے نتائج 20 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 11 نشستوں پر چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ امیدواروں کے انتقال اور دیگر وجوہات کی بنا پر انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ گیارہ نشستوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا گیا۔ الیکشن کمیشن گیارہ نشستوں پر انتخابات کرانے سے گریز کر رہا ہے۔ مئیرشپ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فوری انتخابات کروائے جائیں۔ الیکشن کمیشن کو فوری 11 نشستوں پر انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔