ہمارا پاکستان سے میرا پاکستان کا شعور تمام پاکستانیوں میں پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے،وائس چانسلر

جمعرات 23 مارچ 2023 16:23

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2023ء) ہمارا پاکستان سے میرا پاکستان کا شعور تمام پاکستانیوں میں پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اسی سے ہی نہ صرف پاکستان کی عزت و وقار پوری دنیا میں ہو گی بلکہ ملک ترقی و خوشحالی کی منازل طے کریگا ۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے قائداعظم کیمپس میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عثمان خان وزیر ،ڈائریکٹر ایڈمیشن ریاض احمد بیٹنی ،کوارڈینیٹر قائداعظم کیمپس ڈاکٹر اللہ نور، پرووسٹ ڈاکٹر سمیع اللہ، ڈپٹی پرووسٹ ڈاکٹر یحیی خان ،ڈی ایس اے ڈاکٹر نافد خان سمیت قائداعظم کیمپس کے تمام شعبہ جات کے سربراہان اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلرسمیت دیگر سربراہان، انتظامی افسران ،اساتذہ اورطلبا نے قائداعظم کیمپس میں شجرکاری بھی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ 23مارچ محض تاریخی دِن نہیں بلکہ وہ دِن بھی ہے جب ہمارے بزرگوں نے ایک قوم اور ایک نظریہ کے تحت تجدید عہد وفاکیا تھا جسے آگے لے کر جانا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ یہ ملک کلمہ طیبہ کے نام پر رمضان المبارک کے مہینہ میں خدا نے ہمیں عطا کیا، اس ملک کی قدر اور جس نظریہ کی خاطر یہ بنایا گیا تھا اسکی تکمیل کیلئے کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک اسلام دشمن قوتیں اس ملک کے وجود کے خلاف سرگرم عمل ہیں ہم نے ایک جسم کی مانند متحد ہوکر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا وطن ہم سے قربانی مانگتا ہے ، قربانی کیا ہے ؟ اپنی آنا ذاتی پسند نا پسند سب کچھ ایک طرف رکھ کر مادرِ وطن کی بقا کی خاطر یک زباں، یک جاں ہو کر یکجہتی اور اتحاد کا عہد کرتے ہوئے ملک کو در پیش حالات سے باہر نکالنا ہے۔ ڈاکٹر شکیب اللہ نے مزید کہا کہ طلبہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں اساتذہ ایمانداری اور جانفشانی سے بچوں کو جدید علوم کی فراہمی کیساتھ انکی تربیت کا بھی فریضہ سر انجام دیں۔تقریب میں طلبا نے 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے ملی نغمہ، تقاریربھی کیں۔\378