صدرپاکستان نے شعبہ تعلیم میں بہترین کارکردگی پرپروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیرپاشا کوہلال امتیازنواز ا

جمعہ 24 مارچ 2023 19:03

صدرپاکستان نے شعبہ تعلیم میں بہترین کارکردگی پرپروفیسر ڈاکٹر طلعت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2023ء) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے شعبہ تعلیم میں بہترین خدمات سرانجام دینے والے یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر و ملک کے نامور سکالر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) کو ہلال امتیاز عطا کردیا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ برس وطن عزیز کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سائنس، انجینئرنگ اور تعلیم کے شعبہ میں بہترین کارکردگی پر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) کو ہلال امتیاز عطا کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمدگزشتہ روز23 مارچ 2023 کو ایوان صدر میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کو اس سے قبل 2015 میں ویٹرنری سائنسز کے شعبہ میں بہترین خدمات پر ستارہ امتیاز اور2009 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ بھی عطا کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

درس و تدریس اور انتطامی شعبہ میں 4 دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والے ممتاز سکالر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کو ملنے والے اس ایوارڈ پر ملک بھر کے تعلیمی و انتظامی حلقوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ترجمان کے مطابق یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے اساتذہ، سٹاف اور طلبہ نے بھی ادارہ کے سربراہ کو اس اہم کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔