چین اور ہونڈوراس کے درمیان سفارتی تعلقات قائم

اتوار 26 مارچ 2023 14:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) چین اور ہونڈوراس نے سفارتی تعلقات کے قیام کے حوالے سے بیجنگ میں ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چن گانگ اور ہنڈوراس کے وزیر خارجہ ایڈورڈو رینا نے مذاکرات کے بعد اعلامیے پر دستخط کیے۔اعلامیے کے مطابق عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ ہنڈوراس نے دونوں ممالک کے عوام کے مفادات اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو تسلیم کرنے اور سفارتی سطح پر سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق اس اعلامیے پر دستخط کی تاریخ سے ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں حکومتوں نے خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے باہمی احترام، باہمی عدم جارحیت، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، مساوات، باہمی فائدے اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جمہوریہ ہونڈور اس کی حکومت تسلیم کرتی ہے کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے، عوامی جمہوریہ چین کی حکومت پورے چین کی نمائندگی کرنے والی واحد قانونی حکومت ہے، اور تائیوان چین کا اٹوٹ حصہ ہے۔

جمہوریہ ہونڈوراس کی حکومت اسی دن سے تائیوان کے ساتھ "سفارتی تعلقات" منقطع کر دے گی اور یہ عہد کرتی ہے کہ وہ اب تائیوان کے ساتھ کوئی سرکاری تعلقات یا سرکاری تبادلے نہیں کرے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت جمہوریہ ہونڈوراس کی حکومت کے اس موقف کو سراہتی ہے۔

متعلقہ عنوان :