Live Updates

خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جمعہ تک معطل

جمعرات 30 مارچ 2023 17:58

خاتون جج دھمکی کیس،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جمعہ تک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکانےکے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری (کل) جمعہ تک معطل کر دیئے۔جمعرات کو عدالت نےخاتون جج کو دھمکانے کےکیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے فیصلے کےخلاف نظرثانی اپیل پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کے تفصیلی آرڈر کے چند نکات کونظر انداز کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ کاعمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ غیرقانونی ہے۔وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ سیشن عدالت کا قابل ضمانت وارنٹ کا فیصلہ بالکل نظر انداز کردیا گیا، ناقابل ضمانت وارنٹ توجاری کر ہی نہیں سکتے، پہلے قابل ضمانت وارنٹ جاری ہوتے، جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پہلے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا بنتے تھے۔

(جاری ہے)

وکیل علی بخاری نے عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں جاری وارنٹ معطل کرنےکا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سکیورٹی خدشات اتنے ہیں کہ انتظامیہ نے عدالت تبدیل کروادی، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو معطل کیا جائے، جوجوڈیشل کمپلیکس میں چند دن قبل جو ہوا وہ کہیں دہرایا نہ جائے۔عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کل تک معطل کردیے اور کل تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات