سپیکر قومی اسمبلی کی شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب کا ولی عہد اور شیخ منصور بن زید النہیان کو نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

نو منتخب عرب اماراتی قیادت کی سربراہی میں پاکستان اور عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، راجہ پرویز اشرف کا بیان

جمعرات 30 مارچ 2023 18:18

سپیکر قومی اسمبلی کی شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2023ء) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب کا ولی عہد اور شیخ منصور بن زید النہیان کو نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ جمعرات کو اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کا نیا ولی عہد اور شیخ منصور بن زید بن النہیان کو نائب صدر منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان اور عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوطرفہ قریبی سیاسی اور سماجی تعلقات موجود ہیں، نو منتخب عرب اماراتی قیادت کی سربراہی میں پاکستان اور عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور پاکستان میں بسنے والے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام مشترکہ مذہب اور ثقافت کے لازوال رشتوں کی بدولت برادر ملک کے لیے بے پناہ محبت اور پیار کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی ہمیشہ حمایت حاصل رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی نئی قیادت کی سربراہی میں عرب امارات ترقی اور خوشحالی کی مزید منازل طے کرے گا۔