عمان نے 300 غیر ملکیوں کو شہریت دے دی

مخصوص شرائط پر پورا اترنے والے غیرملکی خلیجی سلطنت کی شہریت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 1 اپریل 2023 16:12

عمان نے 300 غیر ملکیوں کو شہریت دے دی
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اپریل 2023ء ) خلیجی سلطنت عمان نے 300 غیر ملکیوں کو اپنے ملک کی شہریت دے دی۔ گلف نیوز کے مطابق عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے 300 غیر ملکیوں کو عمانی شہریت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے، جو اس سال شہریت حاصل کرنے والی پہلی کھیپ ہے، عمانی قومیت کا قانون شہریت حاصل کرنے کے معیارات اور شرائط بیان کرتا ہے جن کے تحت اسے منسوخ کیا جا سکتا ہے، قانون کے تحت عمانی والدین کے ساتھ ملک کے اندر یا باہر پیدا ہونے والے، عمان میں نامعلوم والدین کے ہاں پیدا ہونے والے اور عمان میں کسی ایسے والد کے ہاں پیدا ہونے والے افراد کو شہریت دی جا سکتی ہے جو عمانی قومیت کھو چکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ عمانی شہریت کے حصول کے لیے مخصوص شرائط پر پورا اترنا لازمی ہے، بشمول عربی پڑھنے اور لکھنے میں ماہر ہونا، کم از کم 20 سال (یا عمانی عورت سے شادی شدہ 10 سال) کی مستقل قانونی رہائش، اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنے والے معاش کا ایک جائز ذریعہ ہونے پرغیرملکی شہریت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، شہریت ملنے کے بعد فرد کو عدلیہ کے سامنے حلف اٹھانا ہوگا، اسی طرح عمانی مردوں سے شادی کرنے والی غیرملکی خواتین شادی کے پانچ سال بعد عمان میں شہریت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ شاہی فرمان کی اجازت کے علاوہ عمانی دوہری شہریت نہیں رکھ سکتے، اگر کوئی فرد قانون کے خلاف غیر ملکی شہریت حاصل کرتا ہے یا عمان کے مفادات کے خلاف کام کرتا ہے تو وہ عمانی شہریت سے محروم ہو سکتا ہے، عمانی شہریت مخصوص حالات میں شاہی فرمان کے ذریعے واپس لی سکتی ہے، جیسے کہ دھوکہ دہی کے ذریعے شہریت حاصل کرنا، کسی غیر ملک کے لیے کام کرنا یا دشمن ریاست کے مفاد میں کام کرنا۔