عامرلیاقت کا قتل ہوا ہے مقدمہ درج کیا جائے، دانیہ شاہ

منگل 18 اپریل 2023 18:20

عامرلیاقت کا قتل ہوا ہے مقدمہ درج کیا جائے، دانیہ شاہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2023ء) سابق رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ، ٹک ٹاکر دانیہ شاہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عامر لیاقت کا قتل ہوا ہے مقدمہ درج کیا جائے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ شرقی میں عامر لیاقت کے قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے کے خلاف دانیہ شاہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران درخواست گزار دانیہ شاہ کے وکلا نے دلائل مکمل کیے جبکہ سرکاری وکیل نے دلائل دینے کیلئے عدالت سے مہلت مانگ لی۔

(جاری ہے)

دورانِ سماعت دانیہ شاہ نے عدالت میں کہاکہ عامر لیاقت کو 22 فروری 2022 کو کچھ اجنبی افراد نے 25 کروڑ روپے دیئے تھے، جن افراد نے رقم دی انہوں نے رقم دیتے وقت ویڈیو بھی بنائی تھی۔درخواست گزار دانیہ شاہ نے کہاکہ عامر لیاقت نے 3 کروڑ روپے بینک میں اور دیگر رقم خدا داد کالونی والے گھر کے لاکرز میں رکھی، عامر لیاقت کا قتل ہوا ہے مقدمہ درج کیا جائے۔درخواست گزار دانیہ شاہ کی جانب سے درخواست میں ممتاز، علی جاوید، عباس، ثاقب اور تین نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل کو دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کردی۔