Live Updates

شاہین آفریدی نے ٹویٹر پر اپنی ڈی پی تبدیل کرکے عمران خان کے ساتھ ملاقات کی ایک تصویر لگا دی

’ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے فرمایا کہ "مومنوں کی ایک دوسرے سے محبت یا ہمدردی کی مثال ایک جسم کی طرح ہے۔ جب اسکا کوئی حصہ تکلیف میں ہوتا ہے تو سارا جسم تکلیف کو محسوس کرتا ہے، بس تم یاد رکھنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں‘‘: پیسر کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 مئی 2023 11:58

شاہین آفریدی نے ٹویٹر پر اپنی ڈی پی تبدیل کرکے عمران خان کے ساتھ ملاقات ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مئی 2023ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ، آل رائونڈر محمد حفیظ اور سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر کے بعد فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی بھی 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں ۔ شاہین آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ڈی پی تبدیل کرکے عمران خان کے ساتھ ملاقات کی ایک تصویر لگا دی ۔

انہوں نے اس کے ساتھ ساتھ اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’’ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ "مومنوں کی ایک دوسرے سے محبت یا ہمدردی کی مثال ایک جسم کی طرح ہے۔ جب اس کا کوئی حصہ تکلیف میں ہوتا ہے، تو سارا جسم تکلیف کو محسوس کرتا ہے، بس تم یاد رکھنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں‘‘۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر ، وسیم اکرم اور محمد حفیظ نے بھی عمران خان کی حمایت میں ٹویٹس کیے تھے۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شعیب اختر نے لکھا کہ ’’ اپنے قومی ہیرو کو اس حالت میں دیکھنا دل کو چھو لینے والا منظر ہے، عمران خان کے ساتھ اس طرح بدتمیزی کی جا رہی ہے، یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ زخمی ہیں اور پاکستان کے لیے ان کی بے شمار خدمات ہیں، ہم کس طرف جا رہے ہیں؟ ہمارے قومی ہیرو کی قدر کیجیے‘‘۔
سابق کپتان محمد حفیظ نے عمران خان کی گرفتاری پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ دردناک اور قابل مذمت عمل‘، انہوں نے #ImranKhanArrest کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ۔

دوسری جانب سابق کپتان اور 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے اہم رکن وسیم اکرم نے بھی عمران خان کی گرفتاری پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ آپ ایک شخص ہیں لیکن آپ میں لاکھوں کی طاقت ہے، کپتان آپ مضبوط رہیں‘‘ ۔ انہوں نے #BehindYouSkipper کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ۔
واضح رہےکہ 9 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات