34ویں نیشنل گیمز بیس بال ایونٹ، پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو شکست دے کرگولڈ میڈل جیت لیا

ایونٹ میں پاک واپڈا نے سلور میڈل کے ساتھ دوسری، ایچ ای سی نے برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی

ہفتہ 20 مئی 2023 21:45

_کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2023ء) کوئٹہ میں جاری 34ویں نیشنل گیمز کے بیس بال ایونٹ میں پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو 15 کے مقابلے میں صفر رنز سے شکست دے کرگولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ایونٹ میں پاک واپڈا نے سلور میڈل کے ساتھ دوسری جبکہ ایچ ای سی نے برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی فائنل مقابلے میں آرمی نے واپڈا کی ٹیم کو آٹ کلاس کرتے ہوئے 5 اننگزمیں 15 رنز اسکور کئے آرمی کی جانب سے وسیم اکرم نے 3، ارسلان جمشید، ایم حسین، نذیر، اسد علی اور ثاقب نے 2 جبکہ عبداللہ اور فقیر نے 1 ایک رن بنایادوسری جانب واپڈا کے کھلاڑی کوئی رن نہ بنا سکے اور انہیں 15 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر چوہدری یعقوب نے نیشنل گیمزکے لیے بلوچستان کے دور دراز علاقوں سمیت ملک بھر سے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر حکومت بلوچستان بالخصوص محکمہ کھیل کی تعریف کی اور ایونٹ کو موجودہ حالات میں ایک بہترین کاوش قرار دیا چوہدری یعقوب کاکہنا تھا کہ ان گیمز سے تمام صوبوں کے لوگوں کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینے اور انہیں قریب لانے اور متحد کرنے میں مدد ملے گی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے کہا کہ آپس میں بہترین ہم آہنگی کی کوششوں اور میگا ایونٹس کے لیے بہترین سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے ایونٹ پرامن اور پر سکون ماحول میں منعقد ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کھلاڑی کھیل اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں نیشنل گیمز کے لیے کوئٹہ میں موجود کھلاڑیوں کو بہترین انتظامات اور بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے پر بلوچستان حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوششیں لائق تحسین ہیں۔