بابراعظم ون ڈے کرکٹ میں بہترین بلے باز ہیں، ٹام موڈی

جمعرات 25 مئی 2023 22:51

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2023ء) سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو مستقل مزاجی کی وجہ سے ون ڈے کرکٹ کا بہترین بلے باز قرار دیا ہے۔ سابق آل راؤنڈر نے بابر اعظم کو ون ڈے کرکٹ ، کین ولیمسن کو ٹیسٹ کرکٹ اور سوریہ کمار یادیو کو مختصر ترین فارمیٹ میں بہترین بلے باز قرار دیا۔ ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ ’ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم ہوں گے، اس فارمیٹ میں گزشتہ چند سالوں میں ان کی مستقل مزاجی قابل ذکر سے کم نہیں رہی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے نامور لیگ سپنر راشد خان نے بھی بابر اعظم کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے جدید دور کی کرکٹ کے تین ٹاپ بلے بازوں میں شامل کیا۔ ایک انٹرویو میں راشد خان نے بابر اعظم، ہندوستانی بلے باز ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے درمیان سخت مقابلے کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

28 سالہ قومی بلے باز آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست، ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں اور T20I رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس ماہ کے شروع میں بابر اعظم، ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 5000 ون ڈے رنز تک پہنچنے والے تیز ترین بلے باز بن گئے تھے اور بین الاقوامی کرکٹ میں 12,000 رنز تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین بلے باز بن گئے۔ بابر اعظم نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ 23-2020ئ کی 21 اننگز میں 1454 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر لیگ کا اختتام کیا۔