پولیس کانسٹیبل سے محبت کی خاطر شوہر کو چھوڑنے والی خاتون انصاف کے حصول کیلئے سیشن کورٹ پہنچ گئی

جمعرات 25 مئی 2023 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2023ء) پولیس کانسٹیبل سے محبت کی خاطر شوہر کو چھوڑنے والی خاتون انصاف کے حصول کے لئے سیشن کورٹ پہنچ گئی، جہاں خاتون کلثوم بی بی نے پولیس کانسٹیبل محمد نواز کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے،ایڈیشنل سیشن جج نور محمد کی عدالت میں شہباز بھٹی ایڈووکیٹ نے خاتون کو پیش کرکے کانسٹبل محمد نواز کے خلاف پرچے کی درخواست دے دی۔

خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ پولیس کانسٹیبل محمد نواز کے عشق میں مبتلا ہو گئی اور اس نے کانسٹیبل سے شادی کرنے کے لیے اپنے پہلے شوہر کو چھوڑ دیا، میرا سابق شوہر ظہور ایک کیس میں جیل گیا کانسٹیبل محمد نواز نے میرے ساتھ دوستی کرلی اور جھانسہ دیا کہ میرا سابق شوہر اب واپس نہیں آے گا۔

(جاری ہے)

میں کانسٹیبل نواز کے جھانسے میں آگئی اور شوہر ظہور سے خلع لے لیا، کانسٹبل نواز نے وعدہ کیا وہ میرے تین بچے بھی اپنے ساتھ رکھے گا میں اپنے تینوں بچے لے کر اس کے ساتھ چلی گئی۔

کئی ماہ گزرنے کے بعد جب میں نے کانسٹبل نواز کو شادی کرنے کا کہا تو اس نے شادی سے انکار کر دیا اور غائب ہو گیا۔ایڈیشنل سیشن جج نور محمد نے دھوکہ دہی سے خاتون کو طلاق دلوانے اور بعد میں شادی سے انکار پر ایس پی ڈسپلن سے پیر کے روز رپورٹ طلب کر لی۔خاتون کے مطابق کانسٹیبل اب اس سے شادی کرنے کو تیار نہیں اسے انصاف فراہم کیا جائے ۔