ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی زیر صدارت انسدادِ تمباکو کے حوالے سے جائزہ اجلاس کاانعقاد

جمعرات 25 مئی 2023 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2023ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ عثمان اشرف کی زیر صدارت ضلعی عملدرآمد کمیٹی برائے انسدادِ تمباکو کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ٹوبیکو کنٹرول سیل،وزارت قومی صحت، اسلام آباد چیمبر آف کامرس، میونسپل ایڈمنسٹریشن ، پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی، اسلام آباد ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی، اسلام آباد فوڈ اتھارٹی، سی ڈی اے (ہیلتھ) کے نمائندگان سمیت اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

ترجمان آئی سی ٹی ڈاکٹر محمد عبداللّٰہ تبسم کے مطابق اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر / فوکل پرسن برائے سموک فری اسلام آباد عثمان اشرف نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ضلعی عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو سے پاک اسلام آباد ماڈل نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کیلئے مثال ہے، قومی ایجنڈا "تمباکو کے استعمال میں نمایاں کمی" کے لیے دو سالہ روڈ میپ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ اسلام آباد بھر میں 31 مئی 2023 کو انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن " تمباکو مکاؤ۔فصل اگائو" کے عنوان سے منایا جائے گا ،اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں تخلیقی کام پر مبنی پوسٹر مقابلہ جیتنے والوں کو انعامات دئیے جائیں گے، ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کواس لعنت سے پاک بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹس 31 مئی 2023 کو انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن کے موقع پر آگاہی مہم، سیمینارز، ریلیاں منعقد کریں تا کہ عوام مین اس دن کی مناسبت سے شعور بیدار ہو۔