پشاور زلمی ٹیلنٹ ہنٹ کا میلہ کامیابی سے اختتام پذیر ، 15 کرکٹرز کا انتخاب

جمعہ 26 مئی 2023 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2023ء) پاکستان سپرلیگ فرنچائز پشاور زلمی کے زیر اہتمام زلمی ٹیلنٹ ہنٹ کا پہلا اور اہم مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہونیوالے چار روزہ ٹرائلز میں 10 ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز نے رجسٹریشن کرائی، پشاور زلمی کے صدر انضمام الحق ، ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم ، زلمی اسٹار کامران اکمل سلیکشن پینل میں شامل تھے جنہوں نے اوپن ٹرائلز میں شریک نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو جانچا اور بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

پاکستان اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی ٹرائلز کے تیسرے روز پشاور پہنچے اور نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی ۔ زلمی اور پاکستان رائزنگ اسٹار محمد حارث بھی ٹرائلز میں موجود رہے اور نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی ۔

(جاری ہے)

ہزاروں بچوں کے ٹرائلز کے بعد انضمام الحق ، محمد اکرم اور کامران اکمل نے ساتھ کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ۔انضمام الحق الیون ، بابر اعظم الیون، کامران اکمل الیون اور ڈیرن سیمی الیون کے درمیان میچز کا انعقاد کرکے نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا گیا ۔

ان میچز کے اختتام کے بعد 15 بہترین نوجوان کرکٹرز کو فائنل کرلیا گیا ہے ۔پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمداکرم نے کہا کہ جن پندرہ نوجوان کرکٹرز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے انہیں پشاور زلمی ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔اوپن ٹرائلزمیں پشاور کے ساتھ خیبر پختونخواہ کے دور دراز علاقوں سے بھی نوجوان پشاور پہنچے ۔ 15 نوجوان کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ فراہم کی جائے گی اور پی ایس ایل نائن کی ایمرجنگ کٹیگری میں بھی سب سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو موقع فراہم کیا جاسکتا ہے ۔