فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے صوفیاء کی افکار و تعلیمات سے روشنی حاصل کی جانی چاہیے، سیکرٹری اوقاف پنجاب

اتوار 28 مئی 2023 18:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ وقف کی اسلامی روایت اور تاریخ بہت معتبر ہے، اِسے معاشرے کے لیے مفید اور معتبر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، جس کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،مساجد،مزارات سوسائٹی کا مرکزی نقطہ اور انسانی فلاح کے بنیادی ادارے ہیں جن کا فیضان مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے، فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاء کے افکار و تعلیمات سے روشنی حاصل کی جانی چاہیے،وقف املاک سے حاصل ہونے والی آمدن سے علمی و دینی کے ساتھ سماجی و فلاحی منصوبہ جات کی ترویج جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ملتان میں مختلف مزارات سے ملحق وقف پراپرٹی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مزارات اور خانقاہیں مرکز ِعلم و عرفان تھے، ان کے اس حقیقی تشخص کو اُجاگر کرنے کے لیے حکومت بھر پور سعی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کے طرزِ زیست نے ہمارے معاشرے کو امن و محبت کا پیغام دیا، جس کو آج کے دور میں اُجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

سیکرٹری اوقاف نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ، دربار حضرت پیر اسحاق ؒ،دربار حضرت شاہ شمس سبزواری ؒ، دربار حضرت بہاء الدین زکریاؒ اور دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ ملتان سے ملحقہ وقف املاک کا جائزہ لیتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے ،سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام،وقف پراپرٹیز کی سرویلنس، مانیٹرنگ ونگرانی کے لیے موثر حکمت عملی کی تشکیل،سیکیورٹی ، سروس ڈیلیوری اور زائرین کے لیے ہمہ وقت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے موقع پر ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے مزکورہ مزارات پر چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔اِس موقع پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف ملتان ضیا المصطفیٰ اورایس ڈی او ملتان سیّد راول علی نے مزارات اور وقف پراپرٹیز کے دیگر امور سے متعلق سیکرٹری اوقاف کو بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :