سندھ ہائیکورٹ، کراچی میں آٹے کی قلت ،محکمہ خوراک کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

بدھ 31 مئی 2023 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں گندم کی ترسیل اور آٹے کی قلت شدت سے متعلق فلور ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پرمحکمہ خوراک کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں گندم کی ترسیل اور آٹے کی قلت شدت سے متعلق فلور ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ محکمہ خوراک کے افسران اور دیگر فریق عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سندھ حکومت اور انتطامیہ فلور ملز ایسوسی ایشن سے وعدے باوجود گندم فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ کراچی میں فلور ملز حکومت سندھ کی جانب سے سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔ ضلعی اور صوبائی سطح پر طلب کے حساب سے گندم فراہم نہیں کی جارہی۔ کراچی میں 90 سے زائد فلور ملز ویران پڑی ہیں۔ گندم طلب کے حساب سے نا ملنے کی وجہ سے اس وقت کراچی میں سب سے زیادہ مہنگا فروخت کیا جارہا ہے۔ سندھ حکومت کو بلا تعطل گندم کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ خوراک کی جمع کروائی رپورٹ تسلی بخش نہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ خوراک کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔