Live Updates

14 ماہ میں ڈالر 100 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا

قرض لینے کی شرح دگنی ہوگئی، مہنگائی کی شرح 3 گنا بڑھ گئی، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا، حماد اظہر

muhammad ali محمد علی جمعرات 1 جون 2023 00:07

14 ماہ میں ڈالر 100 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2023ء) 14 ماہ میں ڈالر 100 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا، قرض لینے کی شرح دگنی ہوگئی، مہنگائی کی شرح 3 گنا بڑھ گئی، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد سے افراط زر کی شرح 3 گنا بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی 14ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں 100روپے سے زیادہ نیچے گری، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے، جب سے ہم نے حکومت چھوڑی ہے قرض لینے کی شرح دگنی ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چئیرمین ایف بی آر اور ماہر معیشت ڈاکٹر شبر زیدی نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے پاس 2028 تک قرضے واپس کرنے کے پیسے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج فرشتے بھی لا کر بٹھا دیں تو پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے نہیں بچا سکتے، ملک 2024 میں ڈیفالٹ کر جائے گا، پاکستان کے پاس 2028 تک قرضے واپس کرنے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔ حکومت کے لوگ گھما پھرا کے بات کر رہے ہیں، سیدھی بات کوئی نہیں بتا رہا۔ قرضے ری شیڈول نہ کروائے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا۔ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کو پیش کش کی ہے کہ وہ قرضے ری شیڈول کروانے میں مدد کر سکتا ہے۔

ڈاکٹر شبر زیدی نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستان میں حکومت دعوے دار ہے کہ ملک ڈیفالٹ نہیں کیا لیکن اس کے باوجود پاکستان میں ڈالر کی قیمت ڈیفالٹ کر جانے والے سری لنکا سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیفالٹ کرنے کے بعد سری لنکا میں ڈالر 390 سے کم ہو کر 310 کا ہو گیا، جبکہ پاکستان میں ڈیفالٹ کیے بنا ڈالر 316 کا ہو گیا۔ سابق چئیرمین ایف بی آر کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جانے کے بعد سری لنکا کی کرنسی کی قدر میں بہتری آئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات