ایک سال میں سیلاب زدگان کیلئے 248گھر بنانالائنز کلب کا کارنامہ ہے،ایس ایم تنویر

صدر کے عہدے کیلئے ایس ایم منیر کے صاحبزادے ایس ایم تنویر کواتفاق رائے سے منتخب کیا گیا ہے،ملک خدا بخش ایم جے ایف لائنز کلب کی تقریب سے زبیرطفیل،خالدتواب،عبدالحسیب خان،فاروق ڈھیڈھی،ظفراقبال اور دیگر کا خطاب

ہفتہ 3 جون 2023 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2023ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ، صوبائی وزیربرائے تجارت وصنعت پنجاب اور کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کے نومنتخب صدر ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کی صنعتوں کے مسائل حل کرکے انہیں بند ہونے سے بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں تاکہ ملکی صنعتیں مسلسل پیداوارجاری رکھ سکیں،ہم نے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں ،ہم حکومت تک نجی شعبے کے مسائل پہنچا کر انہیں حل کرانے کی کوششیں کررہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مشترکہ کوششوں سے ملکی معاشی صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارمقامی ہوٹل میں کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

یہ تقریب کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کے صدر ایس ایم منیر کے انتقال کے سبب خالی ہونے والے عہدے پر انکے صاحبزادے ایس ایم تنویر کومنتخب کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی جس میں سابق انٹرنیشنل ڈائریکٹرلائنز کلب انٹرنیشنل لائنملک خدا بخش،ایم جے ایف کے سیکریٹری سینیٹڑ عبدالحسیب خان،خزانچی شیخ خالدتواب، لائن ظفراقبال،ڈسٹرکٹ گورنر305سائوتھ فاروق ڈھیڈھی،یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،سیکریٹری جنرل(سندھ ریجن)حنیف گوہر،عبدالسمیع خان،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،زبیرچھایااورلائن عائشہ ملک نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر،صدر کاٹی فراز الرحمان،عمرریحان،فرحان الرحمان، مسلم محمدی،نگہت جاویدبھی شریک تھے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ مجھے اپنے والد ایس ایم منیر کی جگہ پہلے یو بی جی اور کاٹی کا سرپرست اعلیٰ بنایا گیا اور اب مجھے کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کے صدر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا جو بہت بڑی ذمہ داری ہے،ہم اپنے والد کو بہت زیادہ بھاگ دوڑ سے منع کیا کرتے تھے مگر انکا کہنا تھا کہ میرے دنیا سے جانے کے بعد ہمیں پتہ چلے گا کہ میں کیوں اتنا کام کرتا ہوں اور یہ حقیقت ہے کہ اب ہمیں ان کی یہ بات انکے دنیا سے جانے کے بعد سمجھ میںآئی کہ لوگ ان سے کتنا پیار کرتے تھے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ ہم اپنے والد کی طرح تجارت وصنعت سے وابستہ افراد کی خدمت کیلئے پوری جان سے کام کریں گے،میں خود بھی دن رات اس کوشش میں ہوں کہ صنعتی پیداوار جاری رہے اور صنعتی شعبے کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ لائنز کلب پاکستان میں بھی فلاحی کاموں میں پیش پیش رہا ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک سال میں248گھر بنا کرمتاثرین کو دینا بہت بڑا کارنامہ ہے ،خد مجھے بھی اس منصب سے انصاف کرنے کا حوصلہ دے ۔

لائن ملک خدا بخش نے کہا کہ کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کے صدر ہمارے لیڈر ایس ایم منیر تھے،یہ کلب 2006 میں قائم ہوا جس کے ابتدائی طور پر20ممبر خود ایس ایم منیر مرحوم نے ہی بنائے تھے اور یہ تمام افراد ملک کے معروف صنعتکار اورسماجی خدمت گار تھے، ایس ایم منیر نے بے مثال انسانی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج بھی انکا نام ادب کے ساتھ لیا جاتا ہے، لائنزکلب سائوتھ کی قیادت کے فیصلے کے پیش نظر صدر کے عہدے کیلئے ایس ایم منیر کے صاحبزادے ایس ایم تنویر کواتفاق رائے سے منتخب کیا گیا ہے ۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ لائنز کلب مخلوق خدا کی خدمت میں عملاً مصروف ہے،ہم ہر سطح پر کام کرنے کو تیار ہیں جن کی سرپرستی ایس ایم منیر کرتے رہے ہیں۔خالدتواب نے کہا کہ ایس ایم منیر کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلتے تھے جبکہ ایس ایم تنویر بھی یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ کی حیثیت سے پنجاب اور سندھ بھر میںبزنس کمیونٹی کے مسائل معلوم کرکے حکومت تک پہنچا رہے ہیں ۔

صدر یو بی جی زبیرطفیل نے کہا کہ ہمارے لیڈر ایس ایم منیر لائنز کلب میں ملک خدا بخش کے کاموں کے معترف تھے اور ایس ایم تبویر بھی اپنے والد کی طرح انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں، مجھے ایف پی سی سی آئی کا صدر بنانے میں 98فیصد ایس ایم منیر کا کردار تھا ورنہ جس شخصیت نے تین بار مجھ سے صدر بنانے کا وعدہ کیا وہ بھی اپنے وعدے سے پھر گئے لیکن وہ اب دنیا میں نہیں ہیں اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔

حنیف گوہر نے کہا کہ ایس ایم تنویر میں اپنے والد کی تمام خوبیاں موجود ہیں،ہم ایس ایم تنویر کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کی خدمت کیلئے سرگرم ہوچکے ہیں۔زبیرچھایا نے کہا کہ ایس ایم تنویر بھی بھائی جان ایس ایم منیر کی طرح بزنس کمیونٹی کیلئے درد رکھتے ہیں اسی لئے وہ ایک فون پر ہمیں دستیاب ہیں۔