غیر ملکی ایونٹس: قومی فٹبال ٹیم شرکت کیلئے حکومتی اجازت کی منتظر

قومی ٹیم کو 8 جون کو ماریشس روانہ ہونا ہے جہاں سے ٹیم براہِ راست بھارت جائے گی

اتوار 4 جون 2023 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) رواں ماہ ماریشس میں ہونے والے 4 ملکی ٹورنامنٹ اور بھارت میں ہونے والے ساف کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی فٹبال ٹیم تاحال حکومتی اجازت کی منتظر ہے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کو 8 جون کو ماریشس روانہ ہونا ہے جہاں سے ٹیم براہِ راست بھارت جائے گی۔ٹیم کو دونوں ایونٹس میں شرکت کے لیے اب تک عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) نہیں مل پایا ہے۔

پی ایف ایف نے مئی کے تیسرے ہفتے میں تمام دستاویزات پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھجوا دی تھیں تاحال این او سی نہ ملنے کی وجہ سے قومی ٹیم کے کیمپ میں موجود کھلاڑی بھی غیر یقینی کی صورتِ حال کا شکار ہیں اور انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں حکومت سے جلد این او سی جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کی تو اس پر اسپورٹس بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جواب دیا گیا ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق تمام فیڈریشنز پر لازم ہے کہ این او سی کیلئے 4 سے 6 ہفتے قبل درخواست دیں، ماریشس اور بھارت میں ہونے والے ایونٹس کے لیے درخواست 23 مئی کو موصول ہوئی جو نامکمل تھی، اس کے باوجود بھی این او سی کے لیے 25 مئی کو وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ اور آئی پی سی کی وزارت کو لکھا گیا تھا۔