پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی عائشہ اقبال کا سیاست سے علیحدگی کا اعلان

خون خرابے والی سیاست پسند نہیں، پارٹی کے چیئرمین کو تو میرا نام بھی معلوم نہیں ہوگا‘ لاہور میںپریس کانفرنس

اتوار 4 جون 2023 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی عائشہ اقبال نے بھی پارٹی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ اقبال نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور سیاست سے مکمل کنارہ کش ہو رہی ہوں، خون خرابے والی سیاست پسند نہیں، فیصلہ کیا ہے سیاست مکمل چھوڑ دوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ایک عام پارٹی ورکر ہوں، پارلیمانی سیکرٹری نہیں تھی، پارٹی کے چیئرمین کو تو میرا نام بھی معلوم نہیں ہوگا، میں نے لاہور میں ایک لاکھ پودے لگائے، میرا ٹرانس جینڈر کا سکول چل رہا ہے، مجھے اسمبلی کی نشست فلاحی کاموں کی وجہ سے ملی۔انہوںنے کہا کہ مجھے دو مرتبہ کروڑوں کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے انکار کر دیا، اس وقت ملکی حالات کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے، میں یہاں ملک کی خدمت کیلئے ہوں، اللہ تعالی پاکستان کو سلامت رکھے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔