ملک میں انڈسٹری کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، راولپنڈی چیمبر

پیر 5 جون 2023 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2023ء) راولپنڈی کے تاجر نمائندوں کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسری کے صدر ثاقب رفیق اور گروپ لیڈر سہیل الطاف کی سربراہی میں بجٹ تجاویز پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں راولپنڈی چیمبر کے سینئر نائب صدر، نائب صدر، راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر طارق جدون، راولپنڈی ویمن چیمبر کی صدر رفعت شاہین، انجمن تاجران راولپنڈی و پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ، تنظیم تاجران راولپنڈی و پنجاب کے صدر شرجیل میر، انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ محمد حفیظ، جمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن سے شیخ آصف ادریس، فیاض قریشی، رانا عبدالقدوس، فرنیچر ایسوسی ایشن سے سردار ثاقب، موبائل فون ایسوسی ایشن سے منیر بیگ مرزا، چوہدری اقبال احمد، طاہر تاج بھٹی، اورنگزیب اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں راولپنڈی چیمبر کی جانب سے تیار کردہ بجٹ تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں انڈسٹری کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، انڈسٹری لگانے کے لئے لیز پر زمین دی جائے تاکہ سرمایہ مشینری کی خریداری کے لیے بچایا جاسکے، لائسنس اور این او سی کے حصول کے لئے ون ونڈو سہولت دی جائے،نئے ٹیکس گزار تلاش کیے جائیں، موجودہ ٹیکس گزاروں کے لیے مراعات اور سہولیات دی جائیں اور آسان سلیب بنائے جائیں، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں گاڑی، الیکٹرانک ایٹمز، جائداد کی خرید پر ٹیکسوں اور ڈیوٹی میں کمی دی جائے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو، نئی منڈیاں تلاش کی جائیں، فرنیچر کی لکڑی کے اوپر کسٹم ڈیوٹی، موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جائے، آٹو سیکٹر کی ترقی کے لئے تجویز دی گئی کہ تمام آٹو مینو فیکچرز کو چایئے کہ وہ ایک دوسرے کے مقامی تیار کردہ آٹو پارٹس کا استعمال کریں، اس اقدام سے نا صرف پرزہ جات مقامی طور پر تیار ہو سکیں گے بلکہ گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہو گا، غیر روایتی شعبوں جیسے جمز اینڈ جیولری، منرلز، آئی ٹی، کو ترقی دی جائے،اوپن مارکیٹ اور بنک کے ریٹ میں کرنسی کی قیمت کے فرق کو دور کیا جائے، قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے، گرین میٹر ز لگائے جائیں۔