گرینڈ کچہ آپریشن جاری، نو گو ایریا سمجھی جانے والی 60 ہزار ایکڑ کے لگ بھگ اراضی واگزار کروا لی گئی ہے، ترجمان پنجاب پولیس

بدھ 7 جون 2023 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا گرینڈ کچہ آپریشن 60 ویں روز بھی جاری رہا اور پولیس کے بہادر جانبازوں نے کچہ کے ڈاکوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ٹیمیں کلئیر کروائے گئے کچہ کے علاقوں میں امن و امان کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار و مستعد ہیں اور کچہ کریمینلز کے قلع قمع کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ مجرمان کی بیخ کنی کیلئے ٹارگٹڈ کاروائیوں اور پولیس ٹیموں کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزمیں تیزی لائی جائے اورڈاکوں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 02 ماہ کے دوران کچہ آپریشن میں 12خطرناک ڈاکو ہلاک، 8 سے زائد زخمی، 26 سرنڈر جبکہ51 ڈاکو گرفتار کیے گئے، دوران آپریشن آپریشن میں ڈاکوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار محمد قاسم شہید جبکہ 03 زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نو گو ایریا سمجھی جانے والی 60 ہزار ایکڑ کے لگ بھگ اراضی واگزار کروائی گئی جبکہ کلئیر کرائے گئے علاقوں میں 03 پولیس کمیونٹی سکول، 02 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔