یونیورسٹی آف سرگودھا کے سینئر اساتذہ اور انتظامی افسران کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کا تربیتی دورہ

جمعرات 8 جون 2023 18:55

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی فاصلاتی نظام تعلیم کی پالیسی اور اس کا اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اجراء کے حوالے سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے سینئر اساتذہ اور انتظامی افسران نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کا خصوصی تربیتی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد جدید دور میں فاصلاتی نظام تعلیم کی ضرورت، اہمیت اور اس کا اپنے ادارے میں اجراء کرنا شامل تھا۔

وفد نے وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی افسران سے بھی خصوصی ملاقات کی۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کا وفد جن ارکان پر مشتمل تھا ان میں پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس گوندل ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومنٹیز‘ ڈاکٹر ریحانہ الیاس ڈائریکٹر امپلی منٹیشن‘ پروفیسر ڈاکٹر غلام علی بھٹی ڈائریکٹر ملک فیروز خان نون بزنس سکول‘ ڈاکٹر محمد بشیر کنٹرولر امتحانات‘ ڈاکٹر سائرہ اظہر ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل‘ ڈاکٹر محمد الیاس ڈائریکٹر آئی ٹی‘ وقار احمد ایڈیشنل رجسٹرار جنرل‘ سعد ررزاق انچارج ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ آئی ٹی اور فیاض احمد اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمکس شامل تھے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آمد پر وفد کا خصوصی استقبال کیا گیا اور اس موقع پر انتظامیہ نے وفد کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی، تعمیراتی اور بالخصوص فاصلاتی نظام تعلیم کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی اور بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کس طرح فروغ تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے لئے ملک بھر میں علمی چراغ روشن کررہی ہے۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کے وفد نے فاصلاتی نظام تعلیم کے حوالے سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات‘ سٹوڈیو سنٹر‘ لیکچر ریکارڈنگ روم‘ ایڈیٹنگ روم‘ آئی سی ٹی سنٹر‘ ڈیٹا سنٹر‘وڈیو آرکائیو روم اور دیگر شعبہ جات کا خصوصی دورہ بھی کیا اور اس موقع پر یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کی ورکنگ کا بھی جائزہ لیا۔

اپنے دورے کے دوران ڈائریکٹر امپلی منٹیشن ڈاکٹر ریحانہ الیاس نے وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو اپنے دورے کے حوالے سے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک کامیاب جامعہ ہے اور اس کے اساتذہ اور انتظامی افسران میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ہائیرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے فاصلاتی نظام تعلیم کو اپنے ادارے میں رائج کرسکے اور اس سلسلے میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا کامیاب ماڈل ہمیں رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کے حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک روزہ دورے اور ٹریننگ میں ہم نے بہت کچھ حاصل کیا اور فاصلاتی نظام تعلیم کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہمارے ادارے نے اس اہم کام پر ورکنگ شروع کردی ہے۔