وزیراعلیٰ بلوچستان کا نایاب پرندوں اور جانوروں کے تحفظ کے لئے اہم قدم ، تلور آئبیکس اور دیگر نایاب پرندوں اور جانوروں کے شکار ممنوع قرار

جمعرات 8 جون 2023 19:27

وزیراعلیٰ بلوچستان  کا نایاب پرندوں اور جانوروں کے تحفظ کے لئے اہم ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان میں نایاب پرندوں اور جانوروں کے تحفظ کے لئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کی سرزمین پر تلور آئبیکس اور دیگر نایاب پرندوں اور جانوروں کے شکار کو ممنوع قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی ملکی اور غیر ملکی شخص کو بلوچستان میں تلور سمیت پرندوں کو شکار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یو این چارٹر اور بلوچستان وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے افسران و اہلکاران جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور جس علاقے میں پرندوں اور جانوروں کے شکار کی اطلاع ملی تو اس ضلع کے ڈی سی اور متعلقہ عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پرندوں کے شکار کے علاقوں کی تمام الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت علاقوں کی الاٹمنٹ اور منسوخی صوبائی حکومت کا اختیار ہے اور ہم اپنے اس حق اور اختیار کا بھرپور دفاع کریں گے ۔حکومت کو اپنے اس اختیار کے استعمال کا آئینی و قانونی تحفظ حاصل ہے اور حکومتی فیصلے کو کسی قانونی فورم پر چیلنج نہیں کیا جاسکتا ۔

وزیر اعلیٰ نے ٹرافی ہنٹنگ پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معصوم پرندوں اور جانوروں کی جان کی قیمت پر پیسے لینے اور تعلقات قائم کرنے کی ضرورت نہیں اور اگر کسی کو حکومت کے فیصلے پر ابہام ہے تو وہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات سے رابطہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور عوام بھی اس ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کریں وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کو جنگلی حیات کے لیے محفوظ خطہ بنانے کے عزم کے ساتھ ہدایت کی کہ کاروبار کی غرض سے نایاب پرندے پکڑنے اور انہیں دکانوں اور گھروں میں رکھنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کیا جائے۔