Live Updates

استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھ دی ہے، پاکستان کو قائد اعظم کا حقیقی ملک بنائیں گے، جہانگیرترین

جمعرات 8 جون 2023 19:28

استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھ دی ہے،  پاکستان کو قائد اعظم کا حقیقی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پاکستان کو قائد اعظم کا حقیقی ملک بنائیں گے، جمہوری نظام اسی صورت مضبوط ہوسکتا ہے جب حکومت اور اپوزیشن آئینی ضروریات کو سمجھیں،کامیاب ہوکر معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو خوشحال بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان ،عمران اسماعیل ،علی زیدی،فردوس عاشق اعوان،فیاض الحسن چوہان،نعمان لنگڑیال،اسحاق خاکوانی سمیت پی ٹی آئی چھوڑنے والے متعدد سابق ارکان اسمبلی و کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے، نئی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں روایتی سیاست دان نہیں تھا، سیاست میں آنے کا مقصد ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا تھا ،بہت سے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کاموقع ملا اور ان کی سیاسی بصیرت سے بہت کچھ سیکھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آنے کا مقصد ملک میں تمام اصلاحات لانے کیلئے کوشش کرنا تھا جس کیلئے دن رات محنت کی ،2013کے انتخابات کے بعد پارٹی کے اندر نیا جوش وجذبہ پیدا کیا ،بہت جلد حقائق عوام کے سامنے آجائیں گے کہ ہم نے کس حد تک اپنے مقصدکیلئے محنت کی ۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ پی ٹی آئی بھر پور سیاسی قوت بن سکے، پاکستان میں اصلاحات لانا ہمارا بنیادی مقصد تھا لیکن بد قسمتی سے ایسا نہ ہوسکا لوگ بد دل اور مایوس ہونا شروع ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات نے پاکستانی سیاست کو تبدیل کردیا ،اگر شرپسندوں اور منصوبہ سازوں کو انجام تک نہ پہنچایا گیا تو سیاست دانوں کے گھروں پر حملے بھی قابل قبول سمجھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفاعی تنصیبات پر حملہ سے دشمن کو خوش کیا گیا، ایم ایم عالم کا جہاز جو بہادری کی علامت تھا اسے جلا دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کل کو کوئی بھی ہجوم کسی کے گھر یا ادارے پر حملہ کردے تو کوئی بھی معاشرہ اس کی اجازت نہیں دیتا ۔انہوں نے کہا کہ پر تشدد واقعات میں پاکستان کی سیاست اور معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا، عوام کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں، ان حالات میں ہم ملکر پاکستان کے مسائل حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کرنا چاہتے ہیں،ملک پر جتنے بھی زخم لگے ہیں اس پر مرہم رکھنے کیلئے ہم یہاں اکٹھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد ،رواداری اور برداشت کو بڑھانے کیلئے ایسی قیادت چاہئے جو قوم کو امید کا بیانیہ دے اور ہمارا ملک اقوام عالم میں ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکے۔انہوں نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت بنانے کا ہمارا مقصد واضح ہے اور ہم اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ سیا ست کو نئی سمت کی ضرورت ہے،آنے والے دنوں میں مزید لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اصلاحاتی ایجنڈا سامنے لائیں گے اور امید ہے کہ آنے والے انتخابات میں بہترین نتائج حاصل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے پلیٹ فارم پر سیاسی ،اقتصادی،معاشی اصلاحات لائیں گے ،نوجوانوں کی امنگوں کی ترجمانی اور خواتین کے حقوق کا خاص خیال رکھیں گے ،کسانوں کو مضبوط اور صنعتی شعبے کے فروغ کیلئے انقلابی پالیسیاں بنائیں گے، ہماری جماعت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہوگی ، پاکستان کو قائد اعظم کا حقیقی ملک بنائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات