Live Updates

چیئرمین پی ٹی آئی کو سچ بتایا تو سائیڈ لائن کردیا گیا، فردوس عاشق

چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر سے میرے لیے اچھی خواہشات کا اظہار نہیں تھا، جو جو چیئرمین پی ٹی آئی کے قریب تھا، سابق پی ٹی آئی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 جون 2023 22:21

چیئرمین پی ٹی آئی کو سچ بتایا تو سائیڈ لائن کردیا گیا، فردوس عاشق
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون 2023ء) سابق پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب میں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سچ بتایا تو انہوں نے مجھے سائیڈ لائن کردیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر سے میرے لیے اچھی خواہشات کا اظہار نہیں تھا، جو جو چیئرمین پی ٹی آئی کے قریب تھا۔

بشریٰ بی بی کے ماضی سے واقف تھا اسے سائیڈ لائن کیا گیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو کہانیاں آج چھپ رہی ہیں میں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے ہی بتا دیا تھا، واٹس ایپ پر پنجاب حکومت چلائی جا رہی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کو سچ سے آگاہ کیا تو مجھے پارٹی سے سائیڈ لائن کردیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں وقت سے پہلے وہ سب کچھ نہیں کہنا چاہتی تھی جس پر لوگ یقین نہ کریں، آج تمام حقائق سب کے سامنے آ چکے ہیں، آج سب کو پتا چل چکا کہ پنجاب میں کیا موج مستی ہو رہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکیلا انسان کامیاب نہیں ہوتا، ٹیم ورک سے کامیابی ملتی ہے، سیاسی لوگ عزت مانگتے ہیں اور عزت کیلئے سیاست کرتے ہیں، جس کا دل صاف ہو اسے مضبوطی سے کھڑے رہنا چاہیے، گھبرا کر شرما کر کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس لیے نہیں چھوڑی تھی کہ مجھ پر کوئی پرچہ ہے۔ واضح رہے کہ سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا۔

جہانگیر ترین نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں نئی سیاسی جماعت "استحکام پاکستان پارٹی"کا باقاعدہ اعلان کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے اس نئی سیاسی جماعت کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین خود ہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے کے جذبے کیلئے تحریک انصاف میں شامل ہوئے، دن رات محنت کی، بد قسمتی سے معاملات ایسے نہ چل سکے جیسے ہم چاہتے تھے، لوگ بد دل ہونے لگے، نو مئی کے واقعات نے ملکی سیاست کو بدل دیا، کوئی بھی معاشرہ ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرسکتا، ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔

علیم خان نے کہا کہ جہانگیر ترین نے ہم سب کو اکٹھا کرنے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے، انتشار سے دور رکھنا ہے۔ پریس کانفرنس میں علی زیدی، عمران اسماعیل، عامر کیانی، سردار تنویر الیاس، فردوس عاشق اعوان بھی شریک تھیں۔ اس نئی جماعت میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے عمران اسماعیل، علی زیدی، فواد چوہدری، عامرکیانی، محمود مولوی، جے پرکاش، مراد راس، فردوس عاشق اعوان، فیاض چوہان، نعمان لنگڑیال، ظہیر الدین علیزئی، جاوید انصاری اور طارق عبداللّٰہ شامل ہیں۔

نوریز شکور، رفاقت علی گیلانی، ممتاز مہروی، مہر ارشاد کاٹھیا، عثمان اشرف، جلیل شرقپوری، خرم روکھڑی، دیوان عظمت، جی جی جمال اور اجمل وزیر سمیت پی ٹی آئی کو خدا حافظ کہنے والے دیگر کئی ارکان بھی نئی پارٹی کاحصہ بن گئے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات