امریکا کا پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ

لشکر طیبہ سمیت مختلف تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جائے ،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر

منگل 27 جون 2023 21:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2023ء) امریکہ نے پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے ایک مرتبہ پھر ڈو مور کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملرنے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مل کر پورے خطے میں دہشت گرد گروہوں کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستانی عوام گزشتہ برسوں میں دہشت گردی کے حملوں کا شکار ہوئے ہیں۔

اس بات کو تسلیم کرتے ہیں پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایکشن پلان کی تکمیل کے بعد دہشت گرد گروپوں کے خلاف کچھ اہم اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر پاکستان اور بھارت دونوں کی تعریف کرتا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہم پاکستان کی جانب سے مسلسل اقدامات کرنے کی اہمیت پر بھی قائم رہے ہیں تاکہ لشکر طیبہ، جیش محمد اور مختلف تنظیموں سمیت تمام گروپوں کو مستقل طور پر ختم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو کہا ہے ساجد میر کو گرفتار کر کے سزا دیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے زور دیا کہ امریکا اس معاملے کو پاکستانی حکام کے ساتھ باقاعدگی سے اٹھائے گا اور ہم باہمی خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے جیسا کہ ہم نے مارچ 2023 کے سی ٹی ڈائیلاگ کے دوران تبادلہ خیال کیا تھا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی حکام کے ساتھ اپنی بات چیت میں انسانی حقوق کے بارے میں تحفظات کو باقاعدگی سے اٹھاتے ہیں اور سب نے صدر بائیڈن کو وزیر اعظم مودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خود اس پر بات کرتے دیکھا ہے۔