سعودی ایران مفاہمت علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اہم قرار

ایران اور خطے کے ممالک کے درمیان مفاہمت اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی سلامتی اور امن کے استحکام کے لیے ایک مثبت عنصر ہے۔ عراقی صدر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 جولائی 2023 16:19

سعودی ایران  مفاہمت علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اہم قرار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2023ء ) عراقی صدر نے سعودی عرب ایران میں مفاہمت کو علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اہم قرار دے دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی صدر نے بغداد میں ایران کے اعلی جوہری مذاکرات کار کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی سے خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

عراق کے صدرعبداللطیف رشید نے علی باقری کانی سے گفتگو کرتے ہوئے ایران اور عراق کے درمیان توانائی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا، انہوں نے کہا کہ ایران اور خطے کے ممالک کے درمیان مفاہمت اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی سلامتی اور امن کے استحکام کے لیے ایک مثبت عنصر ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان تعلقات 2003ء میں امریکہ کی قیادت میں حملے اور صدام حکومت کے خاتمے کے بعد نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں، اس سے پہلے دونوں ملکوں کے درمیان 1980ء کی دہائی میں آٹھ سال تک جنگ جاری رہی تھی تاہم اب عراق ایران کے لیے ایک اہم اقتصادی شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے، خاص طور پر تہران کو اپنے جوہری پروگرام کی وجہ سے بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے، ان پابندیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلیے ایران عراق کو گیس، بجلی اور صارفین کی اشیا مہیا کرتا ہے اور اس طرح زرمبادلہ کما رہا ہے۔