چیئرمین پی ٹی آئی کو سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا علم نہیں تھا، وکیل کا عدالت میں اعتراف

پیر 10 جولائی 2023 17:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2023ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے اعتراف کیا ہے کہ پارٹی قائد کو خود سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا علم نہیں تھا۔پشاور میں ایڈیشنل سیشن جج آفتاب اقبال کی عدالت میں سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فوزیہ بی بی کی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل قاضی انور اور فوزیہ بی بی کے وکیل غفران اللّٰہ شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر عدالت میں قاضی انور ایڈووکیٹ اور فوزیہ بی بی کا مشترکہ تحریری بیان جمع کرا دیا گیا۔فوزیہ بی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات سے بری کردیا ہے، میں اپنا کیس واپس لینا چاہتی ہوں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پارٹی قائد نے فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت بحال کر دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو خود سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا علم نہیں، اٴْنہوں نے تو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر صرف پریس کانفرنس کی۔قاضی انور نے کہا کہ رپورٹ اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور نعیم الحق نے تیار کی تھی، نعیم الحق وفات پاچکے اور پرویز خٹک پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس کوئی شواہد نہیں، فوزیہ بی بی پی ٹی آئی کی قابل احترام رکن ہے۔سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانے کا کیس کیا تھا، عدالت نے پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف کیس نمٹا دیا۔یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی پر سینیٹ الیکشن 2018ء میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا تھا۔