استنبول کی تاریخی مسجد آیا صوفیا میں روسی سیاح نے اسلام قبول کر لیا

ترکیہ میں سیر وسیاحت کی غرض سے آںے والا روسی سیاح مسجد میں امام صحیح بخاری کا درس سننے کے بعد امام کے پیچھے کلمہ پڑھتے ہوئے مسلمان ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 11 جولائی 2023 16:46

استنبول  کی تاریخی مسجد آیا صوفیا میں روسی سیاح نے اسلام قبول کر لیا
استنبول (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 11 جولائی 2023ء) استنبول کی تاریخی مسجد آیا صوفیا میں روسی سیاح نے اسلام قبول کر لیا۔ترک میڈیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ترکی کی معروف مسجد آیا صوفیا میں روسی سیاح کے کلمہ طیبہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی ویڈیو شئیر کی گئی۔اسلام قبول کرنے والا شخص ترکی سیر و سیاحت کی غرض سے آیا تھا۔ویڈیو میں مذکورہ سیاح کو کلمہ پڑھ کر اللہ کی واحدنیت اور نبی پاک ﷺ کے آخری رسول ہونے پر ایمان لاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسلام قبول کرنے والے روسی سیاح کا اسلامی نام احمد دنیز رکھا گیا۔بتایا گیا ہے کہ روسی سیاح ترکی گھومنے پھرنے آئے تھے تاہم مسجد میں امام صحیح بخاری کا درس دے رہے تھے ، روسی سیاح نے درس سننے کے بعد امام کے پیچھے کلمہ پڑھتے ہوئے اسلام قبول کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تین ماہ قبل اسلام قبول کرنے والے پادری، نو مسلم ابراہیم رچمنڈ نے شاہ سلمان حج پروگرام کے مہمان کی حیثیت سے حج ادا کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عیسائیت چھوڑ کر اسلام قبول کرنے والے سابق پادری، ابراہیم رچمنڈ کے ایک خواب نے اٴْن کی زندگی بدل کر رکھ دی جس کے بعد وہ اپنے ہزاروں پیروکاروں کے ساتھ اسلام میں داخل ہو گئے۔ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے ابراہیم رچمنڈ نے خواب میں مسلمان ہونے کی دعوت قبول کی تھی اور اسلام قبول کرنے کے صرف 3 ماہ بعد ہی سعودی شاہ سلمان کے حج پروگرام میں مہمان کی حیثیت سے حج ادا کیا ہے۔

ابراہیم رچمنڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے خواب پر عمل کرتے ہوئے اپنے پیروکاروں کو بھی مسلمان ہونے کی دعوت دی اور خود بھی دائرہ اسلام میں داخل ہو کر اپنا اسلامی نام ابراہیم رکھا ہے۔حرمین کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ان کی تصویریں اور ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ ویڈیو میں ابراہیم رچمنڈ کو مکہ مکرمہ میں حج کی رسومات ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔