وائٹ ہاؤس میں 400 سال پرانے آئینے سے کیمرہ ٹکرانے پر ٹرمپ نے صحافی کو جھاڑ پلادی

میں یہ آئینہ خاص طور پر تاریخی خزانے سے یہاں لایا تھا، اسے توڑنے کی اجازت نہیں ہے؛ امریکی صدر کا صحافی سے مکالمہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 اکتوبر 2025 15:30

وائٹ ہاؤس میں 400 سال پرانے آئینے سے کیمرہ ٹکرانے پر ٹرمپ نے صحافی کو ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2025ء) امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میں 400 سال پرانے آئینے سے کیمرہ ٹکرانے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کو جھاڑ پلادی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر ٹرمپ آسٹریلوی وزیراعظم اینتھونی البنیز کے ہمراہ بیٹھے امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان 8.5 ارب ڈالر کے معدنیات کے معاہدے پر گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران اچانک ہونے والی ہلچل نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی اور اس اہم پریس تقریب کے دوران ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیمرہ مین کو روک دیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم یہاں تجارت، سب میرین و دیگر فوجی ساز و سامان کے بارے میں بات کر رہے ہیں، ’دھیان رکھو! یہ آئینہ 400 سال پرانا ہے اور کیمرہ اسے ٹکرا گیا، میں یہ آئینہ خاص طور پر تاریخی خزانے سے یہاں لایا تھا، اسے توڑنے کی اجازت نہیں ہے لیکن سب سے پہلی چیز جو ہوئی وہ یہ کہ کیمرہ اسے جا لگا، یقین کرنا مشکل ہے، زندگی میں یہی چھوٹی چھوٹی پریشانیاں آتی ہیں‘۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اپنی پریس کانفرنس جاری رکھتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ کئی مہینوں کی محنت کے بعد مکمل ہوا‘، اسی طرح آسٹریلیا کے وزیراعظم البنیز نے کہا کہ ’یہ قدم امریکہ اور آسٹریلیا کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا‘۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں ممالک نے نایاب معدنیات کے شعبے میں شراکت داری کا معاہدہ طے کیا ہے، جسے چین کے نایاب معدنیات کے کنٹرول کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش میں ایک سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے، یہ معاہدہ امریکہ کی اس کوشش کا حصہ ہے کہ دفاع، صاف توانائی اور ٹیکنالوجی کی پیداوار کے لیے چین پر انحصار کم کیا جا سکے، خاص طور پر ایسے مواد کے لیے جو نایاب زمینی معدنیات پر مشتمل ہیں یا چینی ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے ہیں۔