دبئی ایئرپورٹ پر لاوارث سوٹ کیس کھولنے پر عملے کے ہوش اڑ گئے

اندر سے درجنوں زندہ سانپ، بچھو، مینڈک اور چھپکلیاں برآمد، سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 جون 2026 12:47

دبئی ایئرپورٹ پر لاوارث سوٹ کیس کھولنے پر عملے کے ہوش اڑ گئے
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2026ء) دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام اور سکیورٹی عملہ اس وقت شدید حیرت اور خوف کے سائے میں آ گیا جب ایک لاوارث سوٹ کیس کی تلاشی کے دوران کپڑوں یا قیمتی سامان کے بجائے رینگتے اور زہریلے جاندار برآمد ہوئے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق دبئی ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے ایک لاوارث سوٹ کیس سے بڑی تعداد میں زندہ اور زہریلے جانور برآمد کر لیے، ایئرپورٹ ٹرمینل پر پڑے اس مشکوک بیگ کو جب سکیورٹی کلیئرنس کے لیے کھولا گیا تو اس کے اندر موجود منظر کو دیکھ کر وہاں تعینات اہلکار حیران ہوگئے، بیگ کے اندر انتہائی غیر قانونی طور پر مختلف اقسام کے حشرات اور رینگنے والے جاندار رکھے گئے تھے۔

حکام کی جانب سے سوٹ کیس کو کھولنے کے بعد گنتی کرنے پر معلوم ہوا کہ اس میں کسی چڑیا گھر جتنا سامان موجود تھا، سوٹ کیس کے خفیہ خانوں سے 129 زندہ چھپکلیاں برآمد ہوئیں، بیگ سے 36 زندہ بچھو ملے جو کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتے تھے، اس کے علاوہ بیگ کو لاورث چھوڑنے والے نامعلوم اسمگلر نے اس بیگ میں 8 زندہ سانپ اور 50 مینڈک بھی چھپا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں جنگلی اور زہریلے جانداروں کی برآمدگی کے بعد ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، ان تمام برآمد شدہ جانوروں کی جان بچانے اور ان کی مناسب دیکھ بھال و حفاظت کے لیے فوری طور پر وائلڈ لائف اور متعلقہ ماحولیاتی اداروں سے رابطہ کر کے یہ جاندار ان کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، کسٹم اور ایئرپورٹ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور فلائٹ ڈیٹا کی مدد سے یہ سوٹ کیس وہاں چھوڑ کر فرار ہونے والے نامعلوم مسافر کی تلاش شروع کر دی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ خطرناک کھیپ کس ملک سے لائی جا رہی تھی اور اس کا مقصد کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :