کسی پر انحصار کرنے کی بجائےاپنی جماعت کو مضبوط کرنے کے لئے متحد ہوجائیں، چودھری سالک حسین

بدھ 9 اگست 2023 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2023ء) پاکستان مسلم لیگ کے راہنمائوں چوہدری محمد سرور، چوہدری سالک حسین اور ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی جماعت کو پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں متحد، منظم اور فعال کریں گے۔ مسلم لیگ کو ملک کی بڑی جماعتوں کی صف میں کھڑا کریں گے۔ ملک کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے حسب سابق جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی، صوبائی اور مختلف ونگز کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکا سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفی ملک، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عائشہ گلالئی، فرخ خان، عنصر فاروق، انتخاب خان، کامران عثمانی، ڈاکٹر شکیل روشن، گلفراز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطابات میں پارٹی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کو ایک مرتبہ پھر سے اندرون و بیرون ملک منظم اور مضبوط کیا جائے گا۔ ہم چوہدری شجاعت حسین کے باہم جڑنے کے فلسفہ کے مطابق لوگوں کو ساتھ ملائیں گے اور کسی پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی جماعت کو منظم کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں۔

اس لئے مایوس ہونے کی بجائے کام پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والد کی طرح ان کے ہاتھ صاف ہیں اور وہ اپنی وزارت کی ایک سالہ کارکردگی پر رپورٹ جاری کریں گے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک پارٹی کو منظم کررہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی تیزی سے مسلم لیگ کا حصہ بن رہے ہیں۔ ہمیں سیاسی اختلافات بھلا کر ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔

ڈاکٹر محمد امخد کا کہنا تھا کہ پارٹی سیکرٹریٹ نئے سرے سے بحال کرنے کا مقصد ایک مرتبہ پھر سے اپنے لوگوں کو ایک ساتھ جوڑنا ہے۔ پورے ملک سے کارٹی رہنما اور کارکنان یہاں آئیں گے اور سب مل کر پاکستان کی تعمیروترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے ڈاکٹر محمد امجد کے مرکزی سیکرٹریٹ کی بحالی میں ادا کئے گئے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔