مصری شہری کے ساتھ دھوکہ

پسند سے رشتہ مانگا‘ 2 سال منگنی رہی‘ شادی کے بعد اہلیہ مرد نکلی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 اگست 2023 12:49

مصری شہری کے ساتھ دھوکہ
قاہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اگست 2023ء ) مصر کے ایک شہری نے اپنی پسند سے رشتہ مانگا، جس کے بعد 2 سال تک ان کی منگنی رہی تاہم شادی کے بعد اس کو پتہ چلا کہ اس کی اہلیہ خاتون نہیں بلکہ مرد ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق مصر میں ایک نوجوان نے اپنی اہلیہ اور اس کے خاندان پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بیوی حقیقت میں ایک مرد ہے جو مردانہ و زنانہ دونوں خصوصیات کا حامل ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ ملک کے شمال میں بحیرہ گورنری میں پیش آیا، جہاں سے تعلق رکھنے نوجوان نے بتایا کہ اس نے 2018ء میں مطلوبہ لڑکی کا رشتہ مانگا، جس پر رضامندی کے بعد ان کی منگنی ہوئی جو دو سال تک برقرار رہی اور پھر شادی ہوئی، تاہم شادی کے بعد جب اس پر یہ راز آشکار ہوا کہ اس کی اہلیہ دراصل ایک مرد ہے تو اسے شدید دھچکا لگا، جس پر اس نے فوراً اپنی بیوی کے گھر والوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا یہ کوئی بڑی بات نہیں اس کو صرف ایک چھوٹی سی سرجری کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

نوجوان کی جانب سے بتایا گیا کہ طبی ماہرین سے رابطہ کرنے پر پتہ چلا کہ آپریشن سے صرف یہ ثابت ہوگا کہ وہ ایک عورت ہے لیکن اس کے ذریعے خاتون میں زنانہ خصوصیات پوری طرح سے لاگو نہیں کی جاسکتیں، یہ سن کر نوجوان نے رضامندی سے علیحدگی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تو لڑکی کے خاندان نے انکار کر دیا، جس پر نوجوان نے معاملہ حل کرنے کے لیے علاقہ معززین سے رابطہ کیا تو جنہوں نے اس کے حق میں فیصلہ دیا، جس پر اس کی بیوی کے گھر والوں نے اس سے سامان واپسی کا تقاضہ کرتے ہوئے خاموشی سے الگ ہونے کا مطالبہ کیا۔

نوجوان کے موقف سے پتہ چلتا ہے کہ اس کی اہلیہ کا 9 سال کی عمر تک مردوں والا نام تھا، جس کے بعد اس پر زنانہ ہارمونز غالب آئے تو خاندان نے کاغذات میں نام اور معلومات میں تبدیلی کردی۔ نوجوان کے بیانات پر اپنے ردعمل میں اس کی بیوی نے بتایا کہ وہ پیدائشی نقص کے ساتھ پیدا ہوئی اور بچپن میں اس کے اندر مردانہ خصوصیات تھیں لیکن 9 سال کی عمر میں اس نے جنس تبدیلی کی سرجری کروائی، جس کے بعد سے وہ ایک مکمل خاتون ہے اور وہ ایک بار حاملہ بھی ہوچکی ہے لیکن شوہر کے تشدد کے باعث اسقاط حمل ہو گیا لہٰذا شوہر کے الزامات بے بنیاد ہیں، جس نے اپنی والدہ کے ساتھ مل کر میری ماں سے رقم بٹورنے کے لیے یہ الزام لگایا تاکہ بدنام کرکے بلیک میل کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :