خادم حسین رضوی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست بعد از مرگ سماعت کیلئے مقرر

ہفتہ 12 اگست 2023 20:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2023ء) سپریم کورٹ، ججز اور عدلیہ کو بدنام کرنے پر مرحوم خادم حسین رضوی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ان کے انتقال کے دو برس بعد سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی ایل پی (تحریک لبیک پاکستان) کے مرحوم سربراہ خادم حسین رضوی کے خلاف 2018ئ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں بیرسٹر مسرور شاہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ خادم رضوی سپریم کورٹ، ججز اور عدلیہ کو بدنام کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عجیب بات یہ ہے کہ خادم رضوی اور درخواست گزار بیرسٹر مسرور شاہ دونوں کے انتقال کو دو سال سے وقت گزر چکا ہے اور یہ درخواست اب سماعت کے لیے مقرر ہوئی ہے۔سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 15 اگست کو اس درخواست کی سماعت کرے گا جس میں مدعی اور فریق دونوں مرحوم ہیں۔