سعودی عرب اورایران میں تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کے لیے اہم ہے، شہزادہ فیصل

اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں سعودی عرب کے کردارکو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،حسین امیر عبداللہیان

جمعہ 18 اگست 2023 16:57

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2023ء) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الریاض میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ طے شدہ سکیورٹی اور اقتصادی معاہدوں کو فعال کرنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کی سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔حسین امیرعبداللہیان نے الریاض میں ہونے والی بات چیت کو نتیجہ خیز قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں سعودی عرب کے کردارکو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک دیرینہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرسکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے بتایا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مقررہ وقت پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔