امارات میں غیرملکی خاتون کی کھوئی ہوئی بینائی واپس لوٹ آئی

تارکِ وطن نے اپنے شوہر کی موت پر سوگ کرتے ہوئے شدید غم کے باعث اپنی نظر کھو دی تھی

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 اگست 2023 16:59

امارات میں غیرملکی خاتون کی کھوئی ہوئی بینائی واپس لوٹ آئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 اگست 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں شوہر کی موت پر غمزدہ ہوکر بینائی کھونے والی شامی خاتون کی نظر بحال ہوگئی۔ گلف نیوز کے مطابق ایک شامی تارکین وطن جس نے اپنے شوہر کی موت پر سوگ کرتے ہوئے اپنی بینائی کھو دی تھی، متحدہ عرب امارات میں قائم فنڈ ریزنگ مہم کی بدولت اب وہ دوبارہ دیکھ سکتی ہے، یہ سب اس لیے ممکن ہوا کیوں کہ ہفتہ وار قرعہ اندازی کرنے والے ادارے محظوظ نے الجلیلہ فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر سارب کے لیے آنکھوں کی سرجری کے لیے فنڈز فراہم کرنے میں مدد کی، یہ عطیہ فاؤنڈیشن کے 'عوین' پروگرام کے حصے کے طور پر دیا گیا جس کا مقصد ضرورت مند افراد کو زندگی بچانے والے علاج فراہم کرنا ہے، جو علاج معالجے کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔

بتایا گیا ہے کہ سارب اپنے ریٹنا میں شدید مسائل سے دوچار تھی جس کے نتیجے میں بصارت کا بتدریج نقصان ہو رہا تھا، اس حالت نے روزمرہ کے کاموں کو انجام دینے اور بھرپور زندگی گزارنے کی اس کی صلاحیت کو نمایاں طور پر متاثر کیا، 'عوین' پروگرام کی بدولت سارب نے ایک کامیاب سرجری کروائی، جو اس کی آنکھ کے ریٹنا کے مسائل کو حل کرنے میں بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈ آف کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی اینڈ کمیونیکیشنز محظوظ سوزان کازی نے بتایا کہ "محظوظ میں ہمارا مشن لوگوں کی زندگیوں کو بدلنا ہے، ہم سارب کو زندگی بدلنے والا علاج فراہم کرنے کی اس عظیم کوشش میں ایک بار پھر الجلیلہ فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بہت خوش ہیں، اس عطیہ کے ذریعے ہم امید کرتے ہیں اس کی امید اور آزادی واپس آئی ہے، جو اسے زندگی کی خوبصورتی کا دوبارہ نظارہ کرنے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گی"۔

الجلیلہ فاؤنڈیشن کے فنڈ ریزنگ کے ڈائریکٹر سلیمان بحارون نے کہا کہ "ہم محظوظ کی جانب سے سرب جیسے مریضوں کی زندگیوں پر نمایاں اثر ڈالنے میں ہماری مدد کرنے کے لیے ظاہر کیے گئے غیر متزلزل عزم کے لیے شکر گزار ہیں، ان کی مسلسل حمایت کے ساتھ ہم ان لوگوں کو امید اور شفا کی پیشکش جاری رکھ سکتے ہیں جنہوں نے صحت کے زبردست چیلنجوں کو برداشت کیا ہے"۔